گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول پنی پورہ سید علی گوڑہ اصف نگر منڈل کا ضلع کلکٹر ڈاکٹر پرینکا آلا کا دورہ تعلیمی معیار اور اسکول کے انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد/حیدرآباد ضلع کی معزز ضلع کلکٹر ڈاکٹر پرینکا آلا، آئی اے ایس نے گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول پنی پورہ، سید علی گوڑہ، آصف نگر منڈل کا دورہ کرتے ہوئے اسکول کے تعلیمی معیار، طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیتوں اور بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ طلبہ کی تعلیمی استعداد جانچنے کے لیے بیس لائن ٹیسٹ منعقد کریں اور پڑھنے، لکھنے اور سمجھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کلاس رومز، حاضری رجسٹر، تدریسی سرگرمیوں، ناشتے، دوپہر کے کھانے، پینے کے پانی، بیت الخلاؤں اور صفائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
ضلع کلکٹر صاحبہ نے پری پرائمری سیکشن کا دورہ کرتے ہوئے ننھے طلبہ سے بات چیت کی اور ان کی صحت، غذائیت اور ابتدائی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے، لہٰذا طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اساتذہ کی اہم ذمہ داری ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ضلع کلکٹر کے دورے سے دو روز قبل سماگرا شکشا کی سبجیکٹ پینل ٹیم نے بھی اسکول کا معائنہ کیا تھا۔ نوڈل آفیسر جناب ساجد محی الدین، محترمہ بشیرہ بیگم اور محترمہ اے ششی ریکھا پر مشتمل ٹیم نے پری پرائمری سے جماعت ہفتم تک طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں، اساتذہ کے تدریسی منصوبوں، FLN ریکارڈس اور اسکول کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
دوروں سے اسکول کے اساتذہ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوئی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے قیمتی رہنمائی حاصل ہوئی۔
اس موقع پر تحصیلدار، ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز، ہیڈ ماسٹر اور دیگر اساتذہ و عملہ موجود تھے۔



