حیدرآباد کے پرانے شہر میں گھر میں گھس کر کار تاجر کا بہیمانہ قتل – بالکونی سے فرار حملہ آور کی حرکت سی سی ٹی وی میں قید
حیدرآباد : حیدراباد کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ کی ابوبکر کالونی میں آج صبح ایک،46 سالہ استعمال شدہ کاروں کے تاجر محمد عبدالرحیم کا ان کے مکان میں بہیمانہ قتل کردیا گیا۔ واردات کے بعد قاتل بالکونی کے راستے فرار ہوگیا، جس کی حرکت مکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واردات صبح تقریباً 6 بجے پیش آئی۔ ایک نامعلوم شخص نے عبدالرحیم کے مکان کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ ان کی اہلیہ نے دروازہ کھولا تو ملزم اندر داخل ہوگیا اور عبدالرحیم کے بارے میں دریافت کیا۔ اس کے بعد وہ اس کمرے میں پہنچا جہاں عبدالرحیم موجود تھے اور اندر سے دروازہ بند کرکے ان پر جان لیوا حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔
واردات کے بعد ملزم نے بالکونی کے راستے فرار اختیار کیا۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کیا جاسکے۔
محمد عبدالرحیم استعمال شدہ کاروں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتے تھے۔ قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس اس زاویہ سے بھی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا قتل کا تعلق کسی مالی تنازعہ یا کاروں کے کاروبار سے متعلق لین دین سے تو نہیں ہے۔
بندلہ گوڑہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مزید تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہے۔



