سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ
سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ
نئی دہلی: دیوالی سے عین قبل قومی دارالحکومت میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر زبردست اضافہ ہوا ہے۔ سونے کی قیمت 1,000 روپے کے اضافے کے ساتھ پہلی بار 82,400 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی ہے۔ یہ معلومات کل ہند صرافہ بازار اسوسی ایشن نے فراہم کی ہیں۔
اسوسی ایشن کے مطابق، دہلی میں 99.9 فیصد خالص سونے کی قیمت 1,000 روپے بڑھ کر 82,400 روپے فی 10 گرام کی نئی بلندی پر پہنچ گئی۔ مقامی مارکیٹوں میں 99.5 فیصد خالص سونے کی قیمت بھی اسی طرح کے اضافے سے 82,000 روپے فی 10 گرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ سیشن میں 99.9 فیصد اور 99.5 فیصد خالص سونے کی قیمت بالترتیب 81,400 روپے اور 81,000 روپے فی 10 گرام پر بند ہوئی تھی۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں یہ تیزی سے اضافہ دیوالی تہوار کی آمد کی وجہ سے ہوا ہے۔ دیوالی کے موقع پر سونے کی خریداری میں اضافے کی توقع کے باعث مارکیٹ میں سرگرمی بڑھ گئی ہے، جو قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔