سعودی عرب میں میڈیکل اور انجینئرنگ شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع پر IIPA کی تقریب

حیدرآباد (راست) انٹرنیشنل انڈین پروفیشنلز ایسوسی ایشن (IIPA) کے زیر اہتمام "سعودی عرب میں میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع” کے عنوان سے ایک بامقصد اور معلوماتی تقریب کا کامیاب انعقاد عمل مین آیا۔ اس علمی نشست میں ہندوستانی کمیونٹی کے 300 سے زائد طلباء، والدین اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی، جو اس پروگرام کی افادیت اور اہمیت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
تقریب کا آغاز IIPA کے نائب صدر میر مجاہد علی کی فکر انگیز استقبالیہ تقریر سے ہوا۔ انہوں کہا کہ تعلیم کو ایک بامقصد زندگی، کمیونٹی کی ترقی اور ذاتی کردار سازی کے کلیدی ستونوں کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ IIPA جیسے پلیٹ فارمز مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو باہمی سیکھنے اور اجتماعی ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہیں، جو نہ صرف سعودی عرب بلکہ خود ہندوستان کی ترقی میں بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
تقریب کی خاص بات ممتاز ماہرین تعلیم کی موجودگی تھی جن میں پروفیسر عتیق الرحمان، پروفیسر مختار احمد، پروفیسر فاروق عادل اور پروفیسر شیخ مجیب شامل تھے۔ ان معزز اساتذہ کرام نے طلباء کر میڈیکل اور انجینئرنگ کے میدانوں میں کیریئر کی منصوبہ بندی، داخلہ کے تقاضے، اور تعلیمی راستوں کے حوالے سے نہایت جامع اور بصیرت افروز رہنمائی فراہم کی۔ طلباء اور حاضرین کے درمیان براہِ راست مکالمہ تقریب کا حصہ تھا۔
سعودی عرب کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہندوستانی طلباء محمد حمزہ علی (ایم بی بی ایس)، مس عاصمہ وحید خان (بی ایس انفارمیشن سسٹمز) اور مس مریم وحید خان (بی ایس آرکیٹیکچر) نے نہایت پُراثر انداز میں اپنی تعلیمی زندگی اور ذاتی تجربات بیان کیے۔ سوال و جواب کا سیشن بھی نہایت کامیاب اور معلوماتی رہا۔ والدین اور طلباء نے دلجمعی سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے جوابات نے ان کی تشویشات و خدشات دور کئے۔
تقریب کا اختتام IIPA کے صدر محترم ڈاکٹر شفیق احمد صاحب کے پرخلوص اور پرتاثیر کلماتِ تشکر سے ہوا۔ انہوں نے نہ صرف والدین کی تعلیم و تربیت میں شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ بچوں کے تعلیمی سفر میں جذباتی استحکام، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے کردار پر بھی زور دیا۔ تقریب کی کامیابی میں جناب کلیم پاشا کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا جنہوں نے مہمان مقررین اور طلباء رضاکاروں کے ساتھ بہترین ہم آہنگی قائم کی۔ IIPA کی ایگزیکٹو ٹیم کے فعال اراکین شاہد محی الدین، عظمت شیخ، عبدالحمید، محمد خلیل اور محمد سمیع الدین کی معاونت بھی لائق تحسین رہی۔
IIPA نے اس موقع پر کمیونٹی کی تعلیمی رہنمائی، خدمتِ خلق اور ہنر مندی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، اور مستقبل میں اس نوعیت کے مزید علمی و تعلیمی سیشنز کے انعقاد کا یقین دلایا۔