مرشدآباد جل رہا ہے اور آپ سیر کر رہے ہیں؟” رکن پارلیمنٹ یوسف پٹھان پر عوام کی برہمی

مرشدآباد، مغربی بنگال کے مرشد آباد میں جمعہ کو منظم کئے گئے وقف (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف احتجاج پرتشدد ہو گیا۔ جھڑپوں کے دوران تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
ان واقعات کے درمیان ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر یوسف پٹھان کی ایک انسٹاگرام پوسٹ پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
یوسف پٹھان، جو بہرام پور لوک سبھا حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، نے ہفتے کو ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ کسی پر سکون مقام پر چائے پیتے اور آرام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اُنہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا: "آرام دہ دوپہر، اچھی چائے، اور پرسکون ماحول… بس لمحے کو محسوس کر رہا ہوں۔”
یہ پوسٹ کئی صارفین کو ناگوار گزری اور انہوں نے یوسف پٹھان پر تنقید کی کہ وہ اپنے حلقے میں ہونے والی کشیدہ صورتحال سے غافل ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ "مرشدآباد جل رہا ہے اور آپ سیر کر رہے ہیں؟” جبکہ دوسرے نے پوچھا کہ "کیا آپ کو علم بھی ہے کہ آپ کے حلقے میں کیا ہو رہا ہے؟”
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان شہزاد پوناوالا نے بھی یوسف پٹھان اور ترنمول کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال جل رہا ہے، عدالت کو مرکزی فورسز تعینات کرنی پڑی ہیں، پولیس خاموش ہے اور ممتا بینرجی ریاستی تحفظ میں تشدد کو فروغ دے رہی ہیں۔ ایسے میں یوسف پٹھان چائے پینے اور لمحے سے لطف اندوز ہونے میں مصروف ہیں، جبکہ بےگناہ افراد مارے جا رہے ہیں۔