امریکہ میں آگ لگنے کا واقعہ۔ تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع کے نوجوان کی موت

حیدرآباد: امریکہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ 15 روز قبل پیش آنے والے آتشزدگی کے حادثے میں 75 فیصد جھلسنے والے ریاست تلنگانہ ہنمکنڈہ ضلع کے ایک طالب علم نے ہاسپٹل میں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد دم توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق حسن پرتی منڈل کے گنٹورپلی گاؤں سے تعلق رکھنے والا بھرت چندر اعلیٰ تعلیم کے لیے 2023 میں امریکہ گیا تھا اور فلوریڈا کے ٹمپا شہر میں مقیم تھا۔ تعلیم مکمل ہونے کے بعد وہ بھارت واپس آکر شادی کرنے کا ارادہ رکھتا تھا لیکن اسی دوران وہ ایک آتشزدگی کے حادثے کا شکار ہوگیا۔
گزشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو پیش آنے والے فائر حادثے میں بھرت شدید زخمی ہوگیا۔ اس کے جسم کا تقریباً 75 فیصد حصہ جھلس گیا تھا جس کے بعد اسے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا وہاں وہ گزشتہ 15 روز سے زیر علاج تھا۔بھرت کی موت کی خبر سے اس کے آبائی گاؤں گنٹورپلی میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
اس کے والدین زار و قطار رو رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے سوچا تھا کہ بیٹا تعلیم مکمل کرکے واپس آئے گا تو اس کی شادی کریں گے لیکن اس دوران انہیں یہ افسوسناک خبر سننی پڑی۔ارکان خاندان نے
حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ بھرت کی نعش کو جلد از جلد اس کے آبائی گاؤں لایا جائے۔



