اسد اویسی صاحب کی دوراندیشانہ قیادت بین الاقوامی سطح پر تسلیم : مولانا صوفی ارشدچشتی ابوالعلائی

اسد اویسی صاحب کی دوراندیشانہ قیادت بین الاقوامی سطح پر تسلیم : مولانا صوفی ارشدچشتی ابوالعلائی
حیدرآباد(راست) مرکزی حکومت نے کثیر الجماعتی وفود کے لیے 59 ناموں کا اعلان کیا ہے۔ یہ وفود 32 ممالک کا دورہ کریں گے تاکہ دہشت گردی اور آپریشن سندورپر بھارت کے موقف کو واضح کیا جا سکے۔یہ وفد مختلف ممالک کے سربراہان اور حکام سے ملاقات کر ے گا۔صدر مجلس ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی صا حب بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔ یہ وفد سعودی عرب، کویت، بحرین، برطانیہ،فرانس، ڈنمارک،اٹلی کے بشمول32ممالک کا دورہ کرے گا۔ بین الاقوامی وفد کے اہم رکن اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے نہ صرف پاکستان کے خلاف کھل کر بیان دیا بلکہ قومی سطح پر مسلمانوں کی نمائندگی کا بھرپور حق بھی ادا کیا۔ان خیالات کااظہار خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ منڈی میرعالم میں منعقدہ ہفتہ واری حلقہ ذکر سے مولانا صوفی ارشدچشتی ابوالعلائی نے کیا۔ موجودہ کشیدگی کے دوران بیرسٹراویسی کی دوراندیشی اور مدلل گفتگو نے سارے ہندوستان کی توجہ حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان امن چاہتے ہیں، لیکن اپنے ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ہندوستان بھر میں سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی جناب اسد اویسی کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرسٹر اویسی نے بتادیا ہے کہ ایک ہندوستانی مسلمان نہ صرف ملک کا وفادار شہری ہو سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کی بھرپور نمائندگی بھی کر سکتا ہے۔مولانا نے کہاکہ اسد اویسی نے ثابت کردیا ہے کہ مذہب اور قوم پرستی میں ہم آہنگی ممکن ہے، اور ایک باوقار، تعلیم یافتہ، اور نظریاتی قیادت قوموں کے لیے روشن مستقبل کی علامت ہوتی ہے۔مولانا نے اس بات کایقین ظاہر کیا کہ اسدالدین اویسی حکومت ہند کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کا بھر پور حق ادا کریں گے۔اس موقع پرمولانا صوفی ارشدچشتی ابوالعلائی کی جانب سے حلقہ ذکر کے دوران جس میں مریدین ومتعقدین، سماجی جہد کار،علمائے کرام شامل تھے،نقیب ملت بیرسٹراسدالدین اویسی اور حبیب ملت جناب اکبرالدین اویسی صاحب کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔