مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات نئی نسل تک پہنچائیں، قومی یومِ تعلیم پر خصوصی پروگرام منعقد کرنے اے ایم ای آئی کی اپیل

حیدرآباد، 30 اکتوبر( پریس ریلیز): ایسوسی ایشن آف مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (AMEI) نے ریاست کے تمام اسکولوں، تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 11 نومبر کو قومی یومِ تعلیم (National Education Day) پورے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔ یہ دن ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم اور عظیم مجاہدِ آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔
اے ایم ای آئی کے صدر جناب انور احمد نے کہا کہ قومی یومِ تعلیم کو تلنگانہ حکومت کے اکیڈمک کیلنڈر میں بھی شامل کیا گیا ہے، جو تعلیمی اداروں میں اس دن کی اہمیت اور اس کی بامقصد تقریبات کے انعقاد کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے تمام اسکول انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس موقع کو محض رسمی تقریب تک محدود نہ رکھیں بلکہ طلبہ میں تعلیمی شعور بیدار کرنے کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کریں۔
مولانا آزاد نے آزاد ہندوستان میں جدید تعلیمی نظام کی بنیاد رکھنے، اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور تکنیکی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات اور تعلیمی افکار نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس سلسلے میں اے ایم ای آئی نے اسکولوں میں طلبہ کے لیے مولانا آزاد کی زندگی، افکار اور خدمات پر مبنی کوئز مقابلے، مضمون نویسی، تقریری مقابلے اور رول پلے (تمثیلی خاکے) منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
اس کے علاوہ ان کی زندگی اور تعلیمی خدمات پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں۔ اسکول انتظامیہ سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ یوٹیوب پر دستیاب معلوماتی ڈاکیومنٹریز کے لنکس طلبہ کے واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیے جائیں تاکہ والدین بھی اپنے بچوں کے ساتھ ان سے استفادہ کرسکیں۔ مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا جائے۔
اے ایم ای آئی نے عوام الناس، والدین، اساتذہ اور تمام تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی یومِ تعلیم کو ایک بامقصد اور یادگار موقع بنائیں اور تعلیم کے فروغ کے عزم کی تجدید کریں۔



