جرائم و حادثات

بہار کے گوپال گنج میں مسجد کے اندر امام کا  قتل، علاقے میں کشیدگی

پٹنہ:  بہار کے گوپال گنج ضلع میں مسجد کے اندر داخل ہوکر امام کو چاقو مار کر قتل کرنے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ایف ایس ایل ٹیم کی مدد سے تحقیقات شروع کردی۔

 

مقتول کی شناخت 50 سالہ شفیق عالم کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بھورے پولیس اسٹیٹس کے حدود کے سسئی گاؤں کے رہنے والے تھے اور ارنا گاؤں کی مسجد میں امام کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

 

بتایا گیا ہے کہ اتوار کی دیر رات امام شفیق عالم مسجد کے اندر سو رہے تھے۔ اسی دوران نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کرکے انہیں قتل کردیا۔ صبح مسجد میں فجر کی اذان نہ ہونے پر مقامی لوگوں نے اندر جاکر دیکھا تو مولوی کی خون میں لت پت نعش پڑی ہوئی تھی۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہتھوا کے ایس ڈی پی او آنند موہن گپتا ایف ایس ایل ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ ایف ایس ایل ٹیم نے جائے وقوعہ سے سائنسی شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں۔ پولیس اطراف کے لوگوں سے پوچھ تاچھ کے علاوہ جائے وقوعہ کے آس پاس کی سرگرمیوں کی بھی معلومات حاصل کررہی ہے۔

 

واقعے کے بعد مقامی افراد میں شدید غصہ پایا گیا اور انہوں نے پولیس کو نعش لے جانے سے روک دیا۔ دیہاتی ایس پی ونے تیواری کو موقع پر بلانے کا مطالبہ کررہے تھے۔ گاؤں میں کشیدگی کے پیش نظر ایس پی نے فون پر مقامی افراد سے بات کرتے ہوئے جلد کارروائی کا یقین دلایا، جس کے بعد لوگ پُرسکون ہوئے۔

 

ہتھوا کے ایس ڈی پی او آنند موہن گپتا نے بتایا کہ ارنا بازار کی مسجد کے امام شفیق عالم کو چاقو مار کر قتل کیا گیا ہے۔ ایس پی کی ہدایت پر ایس آئی ٹی تشکیل دے کر معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس نے جلد ہی قتل کے معاملہ کو حل کرنے کا یقین ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button