تلنگانہ

چھٹے نظامِ حیدرآباد نواب میر محبوب علی خان بہادر کی 160 ویں سالگرہ  محبوبیہ ہال میں پروقار تقریب

چھٹے نظامِ حیدرآباد نواب میر محبوب علی خان بہادر کی 160 ویں سالگرہ

 محبوبیہ ہال میں پروقار تقریب

شہر محبوب نگر کی تاریخی عظمت اور گنگا جمنی تہذیب پر روشنی، بانیان، سیاسی و سماجی قائدین اور شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت

 

محبوب نگر (محمد فرید صدیقی )

نیو ٹاؤن محبوب نگر کے تاریخی محبوبیہ ہال میں ریاستِ حیدرآباد کے چھٹے تاجدار نواب میر محبوب علی خان بہادر (محبوب علی پاشاہ) کی 160 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب میں بانی اراکین، سیاسی و سماجی شخصیات، دانشوروں، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ریاست کے ہر دلعزیز اور فیاض حکمراں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

پروگرام کے بانی رحیم صاحب،اور ان کے فرزند رحمٰن نے دیگر منتظمین کے ہمراہ تمام مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔ تقریب میں بحیثیتِ مہمانِ گرامی تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز فائنانس کارپوریشن (TGMFC) کے چیئرمین محمد عبید اللہ کوتوال، ڈی ڈی سی صدر محبوب نگر سنجیو مودی راج، مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) ٹاؤن صدر سید سعادت اللہ حسینی اور سینئر صحافی رفیق پٹیل نے شرکت کی اور شمع روشن کر کے جلسے کا باضابطہ آغاز کیا۔

 

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 اگست 1866ء کو پرانی حویلی حیدرآباد میں پیدا ہونے والے میر محبوب علی خان ریاست حیدرآباد کے وہ عظیم حکمراں تھے جن کے دورِ حکومت (1869ء تا 1911ء) میں انصاف، عوام پروری اور بلا لحاظِ مذہب و ملت فلاحی کاموں کی روشن مثالیں قائم ہوئیں۔ مقررین نے یاد دلایا کہ عوام سے نواب محبوب علی پاشاہ کے بے پناہ لگاؤ اور ان کی خدمات کے اعتراف میں 4 دسمبر 1890ء کو اس ضلع و شہر ‘محبوب نگر’ رکھا گیا تھا

 

چیئرمین عبید اللہ کوتوال نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ محبوب نگر کا تاریخی ورثہ، رواداری اور گنگا جمنی تہذیب ریاست بھر میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتیں اور ادارے ہمارے شاندار ماضی کا ثبوت ہیں،

 

اور آج ضرورت اس بات کی ہے کہ شہر کی ہمہ جہت ترقی، عوامی فلاح، اور تعلیم و روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے تمام طبقات باہمی اتحاد کے ساتھ کام کریں۔ دیگر قائدین نے بھی محبوب علی پاشاہ کی دور اندیشی اور تاریخی شناخت کے تحفظ پر زور دیا۔ پروگرام کے اختتام پر بانی رحیم صاحب، ان کے فرزند رحمٰن اور مہدی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button