حیدرآباد کے پرانے شہر میں بلڈر سے 50 لاکھ کا مطالبہ ۔ روڈی شیٹر گرفتار

حیدرآباد: دبیرپورہ پولیس نے بلڈرس کو دھمکا کر بھاری رقم وصول کرنے والے ایک خطرناک روڈی شیٹر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو 22 جون 2026 کو دوپہر 2 بجے کامیاب کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔
چارمینار زون کے دبیرپورہ پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 103/2026 کے تحت بھارتیہ نیایا سنہتا (BNS) کی دفعات 329(4)، 308(6)، 351(2) اور 352 کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ملزم کی شناخت حبیب علی بغدادی (57 سال) ولد حبیب محمد بغدادی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے تاجر ہے اور کنگ کوٹھی
حیدرآباد کا رہنے والا بتایا گیاہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عابڈس روڈ پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے۔یہ مقدمہ اعظم پورہ کے معروف بلڈر سید یوسف شریف کی شکایت پر درج کیا گیا۔ شکایت کنندہ ملک پیٹ کے علاقے کالاڈیرا میں ایک نئی عمارت تعمیر کر رہے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ کئی ماہ سے شکایت کنندہ کو مسلسل ہراساں کر رہا تھا
اور 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ ملزم مبینہ طور پر دھمکی دے رہا تھا کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو وہ سنگین فوجداری مقدمات درج کرا کے بلڈر کو جیل بھجوا دے گا۔تقریباً دو ماہ قبل ملزم مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تعمیراتی مقام میں داخل ہوا اور وہاں موجود پلمبر سے بلڈر کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔
اس دوران اس نے شکایت کنندہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جب پلمبر نے اعتراض کیا تو ملزم نے اپنی کمر سے چاقو نکال کر دکھایا اور دھمکی دی کہ اگر اس کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ بلڈر کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرا کر اس کی زندگی تباہ کر دے گا۔
پولیس کے مطابق 9 جون 2026 کو ملزم دوبارہ تعمیراتی مقام پر پہنچا اور وہاں موجود چوکیدار اور شکایت کنندہ کو رقم کے لیے شدید دھمکیاں دیں۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم ماضی میں سعودی عرب میں مقیم تھا۔ ہندوستان واپس آنے کے بعد اس نے نئی عمارتیں تعمیر کرنے والے مالکان اور بلڈرس کو نشانہ بنانا شروع کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نئی تعمیرات کے مقامات پر جا کر عمارتوں میں موجود خامیوں یا قواعد کی خلاف ورزیوں کی تصاویر لیتا تھا اور انہیں فیس بک پر پوسٹ کرتا تھا۔ ان پوسٹس میں GHMC، محکمہ انکم ٹیکس، وزیراعلیٰ کے دفتر (CMO) اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (DGP) کے سرکاری اکاؤنٹس کو ٹیگ کیا جاتا تھا۔
بعد ازاں وہ متعلقہ بلڈروں کو بلیک میل کر کے بھاری رقم کا مطالبہ کرتا تھا۔ رقم نہ ملنے پر مختلف سرکاری محکموں میں شکایات درج کرا کر عمارتوں کو منہدم کرانے کی کوشش کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق حبیب علی بغدادی کے خلاف ماضی میں نارائن گوڑہ اور عابدس روڈ پولیس اسٹیشنوں میں دھوکہ دہی، جبری ، مجرمانہ دھمکی اور دیگر سنگین جرائم سے متعلق 8 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔



