نظام آباد میں گنیش شوبھا یاترا کے لیے سخت حفاظتی انتظامات، 1300 پولیس اہلکار تعینات

نظام آباد، 22 ستمبر (اردو لیکس): گنیش وسرجن کے موقع پر نظام آباد میں شوبھا یاترا کے پرامن اور ہموار انعقاد کے لیے پولیس کی جانب سے وسیع پیمانے پر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا نے بتایا کہ کمشنریٹ کے تحت نظام آباد، آرمور اور بودھن ڈویژنوں میں وسرجن کے اہم راستوں پر 1300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس کے علاوہ آبکاری، محکمہ جنگلات، این سی سی اور این ایس ایس سمیت دیگر محکموں کے اہلکار بھی حفاظتی انتظامات میں تعاون کریں گے۔
پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شوبھا یاترا میں پرامن طریقے سے شرکت کریں اور مشکوک افراد یا اشیاء کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ انہوں نے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے، مقررہ سطح پر آڈیو سسٹم استعمال کرنے اور افواہوں پر یقین نہ کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جلوس کے دوران ڈی جے مکمل طور پر ممنوع ہیں، جبکہ شراب نوشی کرکے جلوس میں شرکت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام 112 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ پولیس کنٹرول روم کا نمبر 87126-59700 ہے۔ عوام اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے عوام سے اپیل کی کہ گنیش شوبھا یاترا کو پرامن اور نظم و ضبط کے ساتھ کامیاب بنائیں۔



