سنگاریڈی میں شراب نوشی کے دوران جھگڑا – چاقو کے حملہ سے فاضل نامی شخص ہلاک، بلال زخمی
سنگاریڈی: تلنگانہ کے سنگاریڈی ٹاون میں پیر کی نصف شب تین افراد کے درمیان ہوئے جھگڑے میں ایک شخص چاقو کے وار سے ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد مقامی افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفصیلات حاصل کیں۔
ٹاؤن سی آئی رام نائیڈو کے مطابق نالسابوڑ علاقے سے تعلق رکھنے والا 45سالہ فاضل ،38سالہ بلال اور 35سالہ رحیم گزشتہ رات سیتارا تھیٹر کے سامنے واقع جلال باغ گراؤنڈ میں ایک ساتھ شراب نوشی کر رہے تھے۔ اس دوران کسی بات پر تینوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ الزام ہے کہ رحیم نے اپنے پاس موجود چاقو سے فاضل پر حملہ کردیا۔ چاقو کے وار سے شدید زخمی فاضل کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
بعد ازاں رحیم نے قریب موجود بلال پر بھی حملہ کردیا، جس سے اس کی ران پر زخم آئے۔ زخمی بلال کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم رحیم وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
واقعہ کے مقام جلال باغ گراؤنڈ میں پیش آنے والے واقعات پر مقامی افراد نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ماضی میں بھی اسی گراؤنڈ میں ایک شخص کا قتل ہوا تھا۔ مسلسل پیش آنے والے واقعات کے بعد گراؤنڈ اور اس کے اطراف میں حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔



