لاج میں لڑکی کی مشتبہ موت، بوائے فرینڈ فرار۔حیدرآباد میں واقعہ

حیدرآباد: مادھا پور کے صدیق نگر میں ایک اویو ہوٹل میں 29 سالہ لڑکی کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت شارون نکیتھا کے طور پر ہوئی ہے جو ایک خانگی ادارے میں ملازمت کرتی تھی۔
پولیس کو 22 ستمبر کو کتہ گوڑہ کے اپولو ہاسپٹل سے اطلاع ملی کہ شارون نکیتھا کو اس کا بوائے فرینڈ سرینواس روی تیجا اویو ہوٹل کے عملے کی مدد سے ہاسپٹل لے کر پہنچا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والی شارون اور سرینواس روی تیجا نے 21 ستمبر کو تقریباً دوپہر 2 بجے مادھا پور کے صدیق نگر روڈ نمبر 5 پر واقع OSLN ٹرمنس کے کمرہ نمبر 304 میں قیام کیا تھا۔ بعد میں شارون کو بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا
جس کے بعد اسے اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔واقعہ کے بعد سرینواس راوی تیجا ہاسپٹل سے فرار ہوگیا اور اپنا موبائل فون بند کردیا۔ متوفی کے چہرے پر معمولی زخموں کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔
کلیوز ٹیم نے ہوٹل کے کمرے کا معائنہ کرتے ہوئے شواہد جمع کرنے کے لیے جائے وقوعہ کو محفوظ کرلیا ہے۔ پولیس نے روی تیجا کو تلاش کرکے گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



