جرائم و حادثات

اتنی گولیاں ماروں گی کہ گھر والے پہچان نہیں پائیں گے – سی این جی پمپ پر خاتون کی ریوالور تاننے کی ویڈیو وائرل

اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں سی این جی گیس  اسٹیشن پر ایک نوجوان لڑکی کی جانب سے سیلز مین کو گولی مارنے کی دھمکی دینے کا واقعہ منظرعام پر آیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں لڑکی کو ایک ملازم پر ریوالور تانتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب فیملی سے گاڑی سے اُترنے کی درخواست کی تھی۔

 

یہ واقعہ اتوار کی شام پیش آیا، جب احسان خان نامی شخص اپنی بیوی حسن بانو اور بیٹی اریبہ کے ساتھ سی این جی بھروانے ہردوئی کے ایک فیول اسٹیشن پہنچا۔ حفاظت کے پیشِ نظر وہاں کے ملازم رجنیش کمار نے ان سے کہا کہ گاڑی سے اُتر جائیں تاکہ گیس بھری جا سکے۔

 

احسان خان تو گاڑی سے اُتر آئے ، لیکن اس نے رجنیش سے جھگڑا شروع کر دیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احسان خان رجنیش کمار پر چیختے ہیں   اور اس کی طرف بڑھتے ہیں  تلخ کلامی کے دوران رجنیش نے اپنے کہنی سے دھکیلتے ہوئے احسان کو پیچھے کیا۔ اس پر احسان کی بیٹی اریبہ بھی درمیان میں آ گئی اور رجنیش کو دھکا دیا، پھر تیزی سے گاڑی کی طرف بھاگی۔

 

لوگوں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، مگر اریبہ ریوالور لے کر واپس آئی اور سیدھے رجنیش کمار کے سامنے آکر اس کی چھاتی پر بندوق تان دی۔ اس دوران وہ چلّاتے ہوئے بولی کہ اتنی گولیاں ماروں گی کہ گھر والے پہچان نہیں پائیں گے

 

اس کے باوجود رجنیش کمار ڈرا نہیں اور اریبہ سے بحث کرتا رہا۔ بعد میں اریبہ کی والدہ نے اسے پیچھے کھینچ لیا اور تینوں دوبارہ گاڑی میں جا بیٹھے۔

 

واقعہ کے بعد رجنیش کمار نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کو حراست میں لے لیا اور ریوالور بھی ضبط کر لی، جو احسان خان کے نام پر لائسنس یافتہ تھی۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button