جرائم و حادثات

الکٹرک شاک دے کر قتل کی سازش ناکام، دو ملزمین گرفتار۔ عادل آباد پولیس کی کاروائی 

عادل آباد، 2 اگست: عادل آباد رورل پولیس نے کرنٹ لگا کر ایک شخص کو قتل کرنے کی سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم تاحال فرار ہے۔

 

پولیس نے ملزمین کے قبضے سے برقی کے تار نقد رقم اور ایک موبائل فون بھی برآمد کر لیا۔رورل سرکل انسپکٹر (سی آئی) رحیم پاشا کے مطابق گرفتار ملزمین کی شناخت رمیش (40) اور گنگنا (35) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ مرکزی ملزم سوامی فرار ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

 

پولیس کے مطابق انکولی گاؤں کے سدھاکر گوڑ کو ذاتی دشمنی کی بنا پر کرنٹ لگا کر قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ مرکزی ملزم نے دونوں گرفتار افراد کو رقم کا لالچ دے کر سازش میں شامل کیا تھا۔

 

ملزمین نے آدھی رات کے وقت متاثرہ شخص کے گھر کی چھت کے راستے برقی کا تار بستر تک پہنچا کر اسے پلگ سے جوڑنے کی کوشش کی تاہم متاثرہ شخص کے باہر آ جانے پر وہ موقع سے فرار ہو گئے۔

 

تکنیکی شواہد اور تفتیش کی بنیاد پر پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے برقی کے تار نقد رقم اور ایک موبائل فون ضبط کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مرکزی ملزم کی تلاش بھی جاری ہے۔

 

رحیم پاشا نے بتایا کہ اس کارروائی میں رورل ایس آئی وی۔وی۔ وشنو وردھن سمیت پولیس اسٹیشن کے دیگر افسران اور اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button