اپوگوڑہ ریلوے اسٹیشن میں قتل کی واردات۔ پرانے شہر میں سرعام واقعہ سے سنسنی

حیدرآباد: پرانے شہر میں اتوار کی دوپہر قتل کا واقعہ پیش آیا۔ چھتری ناکہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع اُپّوگوڑہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر-1 پر ایک نامعلوم شخص کو گرینائٹ پتھروں اور سیمنٹ کی اینٹ سے بے رحمی سے حملہ کرکے قتل کر دیا گیا جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق دوپہر تقریباً 1:30 بجے اپو گوڑہ ،یاقوت پورہ کی سمت والے پلیٹ فارم پر دو افراد کے درمیان جھگڑا ہوا۔ اس دوران ملزم اور اس کے ساتھی نے وہاں موجود گرینائٹ/ماربل پتھروں اور سیمنٹ کی اینٹ سے متاثرہ شخص پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے حکام فوری طور پر جائے واردات پر پہنچے اور ملزمین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ راجیو تیواری اور حملہ آور کی شناخت یوراج شرما اور گنیش کے طور پر کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور گانجے کے نشے میں دھت تھے۔اس واقعے کے بعد اپوگوڑہ ریلوے اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔



