انٹر نیشنل

کینیڈا میں دو منادر پر حملے ؛ عقیدت مند تشدد کا نشانہ – وزیراعظم نریندر مودی کی مذمت

کینیڈا میں پیر کو دو مندروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور وہاں موجود لوگوں کی پٹائی کی گئی۔ یہ حملہ ٹورنٹو کے برامپٹن میں واقع ہندو سبھا کے مندر میں کیا گیا۔ وینکوور میں ہندو مندر کے باہر بھی ہنگامہ ہوا۔

 

خالصتانی حامیوں پر حملے اور ہاتھا پائی کا الزام ہے۔ ہجوم پیلے خالصتانی جھنڈے اٹھائے مندر میں داخل ہوا۔ مندر کے احاطے میں موجود لوگوں پر جھنڈے کی لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا، ہاتھا پائی ہوئی اور یہ تمام تصاویر کیمروں میں ریکارڈ ہو گئیں

 

بتایا گیا ہے کہ  خالصتان کے حامیوں نے برامپٹن کے ہندو سبھا مندر  کو نشانہ بنایا اور وہاں موجود ہندو عقیدت مندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

 

ہندو-کینیڈین فاؤنڈیشن، جو کینیڈا میں ہندو برادری کے حقوق اور تحفظ کے لیے کام کرنے والی غیر منافع بخش تنظیم ہے، نے ایکس پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خالصتان کے حامی افراد مندر میں داخل ہو کر عقیدت مندوں کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کر رہے ہیں۔ فاؤنڈیشن نے اپنے پیغام میں بتایا کہ حملہ آوروں نے بچوں اور خواتین پر بھی حملہ کیا، جو کہ تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔

 

اوٹاوا میں بھارتی ہائی کمیشن نے بھی اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ برامپٹن میں ہندو سبھا مندر اور قونصلر کیمپ کے باہر ہونے والے اس تشدد سے ہم انتہائی مایوس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم درخواست دہندگان اور وہاں موجود ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے بارے میں فکرمند ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرایکس پر لکھا کہ "میں کینیڈا میں ایک ہندو مندر پر دانستہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ہمارے سفارت کاروں کو دھمکانے کی بزدلانہ کوششیں بھی اتنی ہی خوفناک ہیں۔ تشدد کی ایسی کارروائیاں ہندوستان کے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتیں۔ ہمیں امید ہے کہ کینیڈا کی حکومت انصاف کو یقینی بنائے گی اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے گی

متعلقہ خبریں

Back to top button