حیدراباد کے پھترگٹی مدینہ میں ایک شاپنگ کامپلیکس میں بھیانک آگ لگنے کا واقعہ
حیدراباد: حیدرآباد کے پرانے شہر میں پھترگٹی مدینہ علاقہ میں موجود ایس وائی جے کمپلیکس میں جمعرات کی صبح خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ کمپلیکس میں اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی
۔مقامی افراد نے فوری طور پر محکمہ فائر بریگیڈ کو اطلاع دی، جس کے بعد کئی فائر انجن موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے، جس کے باعث فائربریگیڈ عملہ مسلسل آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایس وائی جے کمپلیکس میں 100 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق شارٹ سرکٹ اس حادثے کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے، تاہم اصل وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آسکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہونے کا خدشہ ہے
۔واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دوسری جانب بڑی تعداد میں فائر بریگیڈ گاڑیوں کی موجودگی کے باعث علاقے میں شدید ٹریفک جام ہوگیا، جسے صاف کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کو فوری طور پر متحرک ہونا پڑا۔



