راہل گاندھی کو سپریم کورٹ سے ملی بڑی راحت

دہلی: کانگریس کے سینئر قائد اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو سپریم کورٹ سے راحت مل گئی ہے۔آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزامات کے معاملے میں سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعے تحقیقات کرانے سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کے احکامات کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہن پر مشتمل بنچ نے ہائی کورٹ کے ان احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے معاملے کا نئے سرے سے جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔راہول گاندھی کے خلاف آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کرناٹک سے تعلق رکھنے والے وگنیش ششیر نے ایک عرضی داخل کی تھی۔
اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے سی بی آئی اور ای ڈی کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے راہول گاندھی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے اگست میں ہائی کورٹ کی کارروائی پر عارضی طور پر روک لگا دی تھی۔
اس وقت عدالت نے سی بی آئی اور ای ڈی کو بھی کوئی رپورٹ داخل نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔تازہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی بنچ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کا نئے سرے سے جائزہ لیا جائے اور یہ بھی طے کیا جائے کہ آیا اس کیس میں مزید سماعت کی ضرورت ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ وگنیش ششیر نے راہول گاندھی کے خلاف دوہری شہریت رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بھی عدالت میں درخواستیں داخل کی ہیں۔



