جیل سے رہا ہوئے اعظم خان۔ بیٹے نے کہا ’’ٹائیگر ایز بیاک‘‘

نئی دہلی: اتر پردیش کے سابق وزیر اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما اعظم خان چہارشنبہ کی شام غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے رہا ہوگئے۔
ضروری قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد انہیں جیل سے رہا کیا گیا۔ رہائی کے بعد وہ اپنے گھر رام پور کے لیے روانہ ہوگئے۔ ان کے ساتھ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم بھی گاڑی میں نظر آئے۔الہ آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت ملنے کے بعد اعظم خان کو غازی آباد کی ڈاسنا ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کیا گیا۔
وہ تقریباً 11 ماہ بعد جیل سے باہر آئے ہیں۔سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم نے کہا’’آج یہاں جمع ہوئے ان کے تمام خیر خواہوں کے لیے بے حد خوشی کا دن ہے۔ ان کے چہروں پر خوشی صاف دیکھی جا سکتی ہے۔ یہاں ایسے لوگ جمع ہیں جو واقعی ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔
ٹائیگر ایز بیاک۔‘‘ واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے منگل کے روز منی لانڈرنگ کے معاملے میں اعظم خان کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انہیں حراست میں لیتے وقت ضروری قانونی طریقۂ کار پر عمل نہیں کیا تھا۔ ایجنسی نے انہیں گرفتاری کی تحریری وجوہات بھی فراہم نہیں کی تھیں۔
دوسری جانب چہارشنبہ کے روز ای ڈی نے الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی عبوری ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ ای ڈی نے ضمانت کے حکم پر روک لگانے اور معاملے کی فوری سماعت کی درخواست کی تھی۔تاہم سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے
کہا کہ اس معاملے کو 19 نومبر کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو دو پین کارڈ رکھنے کے معاملے میں 29 اکتوبر کو ہائی کورٹ نے ضمانت دی تھی۔
اس کے بعد 31 اکتوبر کو جیسے ہی اعظم خان رام پور جیل سے باہر آئے، ای ڈی نے انہیں حراست میں لے کر گرفتار کرلیا تھا۔



