اعظم خان اور ان کے ارکان خاندان کو سپریم کورٹ سے ملی راحت،ایک معاملہ میں یوگی حکومت کی درخواست خارج

نئی دہلی: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو فرضی پیدائشی سرٹیفکیٹ معاملہ میں سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اترپردیش حکومت کی درخواست خارج کردی۔
ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے اعظم خان کی سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے پر عائد روک ختم کرنے اور انہیں دی گئی راحت واپس لینے کی اپیل کی تھی۔الہ آباد ہائی کورٹ نے مئی 2024 میں اعظم خان کی سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے پر روک لگادی تھی۔
اس فیصلے کے خلاف اترپردیش حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس معاملے میں ماتحت عدالت نے اعظم خان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔سپریم کورٹ نے اعظم خان کے ساتھ ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور فرزند عبداللہ اعظم خان کو بھی راحت دی ہے۔
عدالت نے ان دونوں کی سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے پر بھی روک برقرار رکھی ہے۔واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کی سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے پر روک لگادی تھی تاہم ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور فرزند عبداللہ اعظم خان کو یہ راحت دینے سے انکار کردیا تھا۔
اس کے بعد دونوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔اس معاملے میں ماتحت عدالت نے اعظم خان، تزئین فاطمہ اور عبداللہ اعظم خان، تینوں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سات، سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اب سپریم کورٹ کے فیصلے سے تینوں کو راحت مل گئی ہے۔



