نیشنل

گرل فرینڈ کے ساتھ ڈیٹ پر گئے تھے راہول گاندھی، دلچسپ واقعہ کا انکشاف

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ کیمبرج کے اس ریستوران گئے تھے جہاں ان کے والدین سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی پہلی ملاقات ہوئی تھی۔

 

تاہم انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہاں کا کھانا انہیں بالکل پسند نہیں آیا اور اس سے انہیں مایوسی ہوئی۔پیر کو نئی دہلی میں سونیا گاندھی کی خودنوشت ’’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘‘ کی باضابطہ رسم اجرا تقریب میں راہل گاندھی نے یہ واقعہ بیان کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ کئی برس بعد جب وہ کیمبرج گئے تو اپنی گرل فرینڈ سے کہا کہ دونوں یونیورسٹی کے ریستوران چلتے ہیں۔ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ انہیں وہاں کیوں لے جارہے ہیں۔ راہول کے مطابق ان کا مقصد اس مقام کو دیکھنا تھا

 

جہاں ان کے والدین پہلی مرتبہ ملے تھے۔راہل نے بتایا کہ ریستوران پہنچنے کے بعد انہوں نے وہاں موجود ایک شخص کو بتایا کہ ان کے والدین کی پہلی ملاقات اسی ریستوران میں ہوئی تھی۔ اس شخص نے فوراً جواب دیا کہ وہ انہیں جانتا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کسی سے محبت کرنا چاہتے ہیں تو یونیورسٹی کے ریستوران ضرور جائیں لیکن وہاں کی چکن ڈش کبھی نہ کھائیں۔ ان کے والدین کو وہاں کا کھانا بہت پسند آیا تھا اور وہ اسے بہترین قرار دیتے تھے لیکن انہیں وہاں کا کھانا بالکل اچھا نہیں لگا۔

 

ان کے اس تبصرے پر تقریب میں موجود افراد مسکرانے لگے۔تقریب کے بعد صحافیوں نے راہل گاندھی سے ان کی گرل فرینڈ کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’وہ میری دوست ہیں۔‘‘دریں اثنا سونیا گاندھی کی خودنوشت کی اشاعت کے ایک ہفتہ سے بھی کم عرصے میں دو لاکھ سے زائد نسخے فروخت ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

 

اشاعتی ادارے ہارپر کولنز انڈیا کے سی ای او اننت پدمنابھن نے بتایا کہ یہ کتاب آزاد ہندوستان میں شائع ہونے والی سب سے بڑی خودنوشت کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کچھ لوگ کتاب خرید چکے ہیں کچھ اپنے آرڈر کی آمد کے منتظر ہیں جبکہ بعض ایسے بھی ہیں جنہوں نے کتاب پڑھ تو لی ہے

 

لیکن اس بات کا اعتراف کرنے کی ہمت نہیں کررہے۔ ان کے اس تبصرے پر تقریب میں زوردار قہقہے اور تالیاں گونج اٹھیں۔ اگلی صف میں بیٹھی سونیا گاندھی اور راہول گاندھی بھی مسکرانے لگے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button