آندھراپردیش کے اناکاپلی ضلع میں پٹاخے تیار کرنے والی فیکٹری میں آگ لگنے سے 8 مزدور ہلاک

آندھراپردیش کے اناکاپلی ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ کوٹا وورٹلا منڈل کے کائلاس پٹنم علاقے میں پٹاخے بنانے کے کارخانے میں زبردست آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس حادثے میں مزید چھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے بیشتر کا تعلق مشرقی گوداوری ضلع کے سامرلکوٹ علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو وشاکھاپٹنم کے کے جی ایچ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرنے والوں میں کائلاس پٹنم کے اے. تاتابابو (45)، یادی گووند (45)، راجاپیٹ کی دادی رامالکشمی (38)، سامرلکوٹ کی نرملا (38)، پورم پاپا (40)، وینو بابو (40)، چاؤڈواڑا کے سناپتی بابو راؤ، اور وشاکھا کے منوہر (30) شامل ہیں۔ یہ سب مزدوری کے لیے پٹاخے بنانے کے اس فیکٹری میں کام کرنے آئے تھے۔
ضلع کلکٹر وجئے کرشنن نے جائے حادثہ کا دورہ کیا، زخمیوں کے خاندانوں کو تسلی دی، اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے کے جی ایچ منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ یہ حادثہ کوٹا وورٹلا منڈل کے مرکز سے تقریباً تین کلومیٹر دور پیش آیا۔
یہ فیکٹری آتش بازی کے سامان، خاص طور پر رنگین چمکتی روشنیوں کی تیاری کے لیے مشہور تھی۔ اسی دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا جس سے پوری عمارت زمین بوس ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت اس فیکٹری میں پندرہ مزدور موجود تھے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں، اور کلکٹر نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔