سرسلہ میں دلخراش سڑک حادثہ؛ بس کے منتظر مسافروں پر اسکارپیو گاڑی چڑھ گئی، خاتون ہلاک، ماں بیٹا شدید زخمی
سرسلہ میں دلخراش سڑک حادثہ؛ بس کے منتظر مسافروں پر اسکارپیو گاڑی چڑھ دوڑی، خاتون ہلاک، ماں بیٹا شدید زخمی
تلنگانہ کے سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ منڈل میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثے نے علاقے میں غم کی لہر دوڑا دی۔ راجہ راجیشور راؤ کالونی کے قریب گجاسنگارم اسٹیج پر آر ٹی سی بس کے انتظار میں کھڑے مسافروں پر تیز رفتار اسکارپیو گاڑی بے قابو ہوکر چڑھ گئیِ
عینی شاہدین کے مطابق آر ٹی سی بس اسٹاپ پر نہ رکنے کے باعث مسافر سڑک کے کنارے کھڑے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار اسکارپیو گاڑی نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ 35 سالہ لکشمی موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ رجیتا اور ان کا بیٹا یشونت شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کے فوری بعد مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی اور غم کا ماحول دیکھا گیا۔
مقامی عوام نے الزام عائد کیا کہ اگر آر ٹی سی بس مقررہ مقام پر رکتی تو یہ افسوسناک حادثہ پیش نہ آتا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



