مدینہ منورہ کی جانب حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام، سعودی فضائی دفاعی نظام نے میزائل تباہ کردیا

File photo
ریاض: سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب یمن کی حوثی ملیشیا کی طرف سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں روک کر تباہ کردیا۔ یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اس کارروائی کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ فضائی دفاعی فورسز نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مدینہ منورہ کے علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے میزائل کو کامیابی سے تباہ کردیا۔ اس واقعہ کے بعد سعودی عرب کے بعض علاقوں میں حفاظتی اقدامات بھی کئے گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، سعودی حکام نے اسی دوران بحیرہ احمر کی اہم بندرگاہ ینبع اور یمن کی سرحد کے قریب واقع شہر شرورہ میں بھی ممکنہ میزائل حملوں کے پیش نظر انتباہی نظام فعال کیا تھا، تاہم چند منٹ بعد خطرہ ٹل جانے کا اعلان کردیا گیا۔ حوثی ملیشیا نے تاحال جمعرات کو مدینہ منورہ کی جانب داغے گئے میزائل حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی کوششیں سامنے آئی ہیں۔ 24 اکتوبر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کردیا تھا، تاہم ان کے ملبے کے بعض حصے مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور رابغ کے مختلف مقامات پر گرے تھے۔ Re



