جگتیال میں مجلسی رکن اسمبلی ماجد حسین کے ہاتھوں دسویں جماعت کے طلبہ میں آل ان ون کی تقسیم

جگتیال میں ایم آئی ایم کے زیر اہتمام دسویں جماعت کے طلبہ میں مفت گائیڈس کی تقسیم
حکومت سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام: ایم ایل اے ماجد حسین
جگتیال: ضلع جگتیال مرکز میں مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے زیر اہتمام سلارِ میلاد آل اِن ون گائیڈس کی دسویں جماعت کے طلبہ میں تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں رکن اسمبلی حلقہ نامپلی جناب ماجد حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ایس ایس سی اردو میڈیم کے طلبہ میں مفت گائیڈس تقسیم کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے ماجد حسین نے کہا کہ ریاستی حکومت طلبہ کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات تک فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ جگتیال کے عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہونے والے قائدین آخر کیا کر رہے ہیں؟
انہوں نے رکن اسمبلی جگتیال ڈاکٹر سنجے کمار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’دو کشتیوں میں سوار ہونے والے دونوں کشتیوں کو ڈبو دیتے ہیں۔‘‘ اس دوران انہوں نے ان پر کئی تنقیدی ریمارکس بھی کیے۔
پروگرام کے دوران خواتین کے ڈگری کالج کی طالبات نے ایم ایل اے ماجد حسین سے نمائندگی کرتے ہوئے شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے انہیں گائیڈس فراہم نہیں کیے جا رہے ہیں۔ طالبات کی درخواست پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ماجد حسین نے 150 ڈگری طالبات کے لیے گائیڈس کی خریداری کی خاطر ذاتی طور پر رقم ادا کی۔
اس اقدام پر خواتین اردو میڈیم کی طالبات نے ایم ایل اے ماجد حسین سے اظہارِ تشکر کیا۔اس پروگرام میں جگتیال ضلع صدر مجلس لیاقت علی محسن؛ جگتیال ٹاون صدر سمیر الدین آزاد اور شہر کے ایم آئی ایم قائدین، کارکنان اور دیگر افراد نے شرکت کی۔




