نیشنل

کو ن بنے گا مہاراشٹرا کا اگلا چیف منسٹر۔ دیویندر فڑنویس یا شنڈے؟

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا میں جس طرح کے انتخابی نتائج دیکھے جارہے ہیں اس کی کسی سیاسی پارٹی یا کسی سیاسی تجزیہ کار کو توقع نہیں تھی۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد مہاراشٹر ا میں جس طرح کا ماحول تھا اس سے یہ مانا جا رہا تھا کہ بی جے پی اور مہاوتی کے لیے اسمبلی انتخابات میں جیت درج کرنا آسان نہیں ہوگا۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) نے جیت کے بڑے دعوے کیے تھے اور اسمبلی انتخابات میں مضبوط مقابلہ متوقع تھا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔

 

انتخابی نتائج سے صاف ہے کہ مہاراشٹرا میں مہایوتی کا سونامی ہے۔ اس میں بھی بی جے پی نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور زبردست جیت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب ایم وی اے نے انتخابی نتائج کو ماننے سے مکمل انکار کر دیا ہے۔ان نتائج کے بعد ہر کسی کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ مہاراشٹر ا کا اگلا چیف منسٹر کون ہوگا؟ یہ یقینی ہے کہ بی جے پی اب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر اپنا دعویٰ مضبوطی سے پیش کرے گی۔

 

مہاراشٹر ا کی سیاست کو سمجھنے والے سیاسی پنڈتوں کا خیال ہے کہ بی جے پی ریاستی سیاست میں اپنے سب سے بڑے چہرے دیویندر فڑنویس کو ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بننے کا موقع دے گی اور اس بار وہ کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ لیکن سوال یہ بھی ہے کہ کیا ایکناتھ شندے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہوں گے؟ یاد رہے کہ 2019 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد جب شیوسینا کے غیر منقسم سربراہ ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویٰ پیش کیا تھا تو بی جے پی اور شیو سینا آمنے سامنے آگئے تھے۔ اس کے بعد ادھو ٹھاکرے نے کانگریس اور غیر منقسم این سی پی کے ساتھ ایم وی اے حکومت بنائی تھی لیکن یہ حکومت جون 2022 میں ایکناتھ شنڈے کی بغاوت کے بعد اقتدار سے محروم ہوگئی۔

 

پھر بی جے پی اور ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا نے ہاتھ ملا کر ریاست میں نئی حکومت بنائی۔ زیادہ ایم ایل اے ہونے کے باوجود بی جے پی نے بڑا سیاسی سمجھوتہ کیا اور ایکناتھ شنڈے کو وزیر اعلیٰ بنایا جبکہ فڑنویس نائب وزیر اعلیٰ بن گئے۔ یاد رہے کہ فڑنویس 2014 میں بی جے پی شیو سینا حکومت میں 5 سال تک وزیر اعلیٰ رہے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے ایکناتھ شندے حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر کام کرنا قبول کیا۔

 

اب جبکہ بی جے پی نے غلب حاصل کیا ہے ایسے میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ بی جے پی مہاراشٹر ا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور دیویندر فڑنویس ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button