اسپشل اسٹوری

70 سالہ سعودی خاتون نےگریجویشن کی ڈگری کیسے حاصل کی۔ ایک قابل تقلید کہانی

ریاض ۔ کے این واصف

کہتے ہیں علم حاصل کرنے کے لئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ اس بات کو ایک معمر سعودی خاتون نے اپنے عمل سے ثابت کردکھایا۔ ایک معمر سعودی خاتون سلوی العمانی نے 70 سال کی عمر میں امام  عبدالرحمن بن فیصںل یونیورسٹی سے امتیازی نمبروں سے بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے  سعودی خاتون نے بتایا کہ ’وہ 46 سال تعلیم سے دور رہیں۔ تعلیم سے طویل غیر حاضری اور پیش آنے والے چیلنجوں کے بعد پھر کلاس روم سے پرانا تعلق قائم کیا۔

 

 

سلوی العمانی نے بتایا کہ ’انہوں نے 17 برس کی عمر میں ثانوی سکول پاس کیا تھا۔ وہ یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھیں۔ داخلے کی درخواست دی۔ کیمسٹری کے مضمون میں داخلہ مل گیا تھا۔  ’اس دوران زندگی نے نیا رخ اختیار کیا۔ وہ کم عمری میں اپنا خواب پورا نہ کرسکیں کیونکہ ان کی شادی ہو گئی تھی جس بعد گھریلو مصروفیات نے گھیر لیا‘۔

 

 

سعودی خاتون کا کہنا تھا  کہ ’تعلیمی اداروں سے 46 سال تک رشتہ منقطع ہونے کے باوجود تعلیم مکمل کرنے کا خواب دل و دماغ پر چھایا رہا‘۔ 46 سال کے بعد 2016 میں داخلے کی کارروائی شروع کی تو پتہ چلا کہاتنے طویل وقفے کے بعد داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔ ایک اور وجہ یہ تھی کہ ثانوی سکول کا سرٹیفکیٹ بھی گم ہوگیا تھا‘۔ انھون نے کہا کہ ’میں نے ہمت نہ ہاری اور الشرقیہ ریجن کے محکمہ تعلیم سے مسلسل رابطے میں رہی۔ بالاخر مجھے  تعلیم حاصل کرنے کی  مشروط منظوری مل گئی۔ یہ پابندی لگائی گئی کہ مڈل اور ثانوی سکول کی تعلیم دوبارہحاصل کروں اس کے بعد ہی یونیورسٹی میں داخلہ ملے گا‘۔ سلوی العمانی نے بتایا کہ  ثانوی اسکول کا امتحان دینے کے بعد امام عبدالرحمن بن فیصل یونیورسٹی نے مجھے سماجی علوم کے مضمون میں داخلہ  دے دیا‘۔ یونیورسٹی کے اسٹیج پر تقریب تقسیم اسناد کا لمحہ میرے لیے یادگار بن گیا۔جسے میں کبھی نہیں بھول سکوں گی‘۔

 

 

ان کا کہنا تھا کہ ’46 سال سے میں اس لمحے کی منتظر تھی۔ ایک وقت تھا جب میں اپنی بیٹیوں کی تقریب تقسیم اسناد میں شرکت کرکے خوش ہوا کرتی تھی۔ آج میری تقریب تقسیم اسناد میں بچیاں شریک ہوئیں اور وہ ڈگری ملنے پر میری خوشیوں میں شریک ہوئیں۔ یہ لمحہ یادگار ہے‘۔

متعلقہ خبریں

Back to top button