مرچ پاؤڈر سے حملہ، فلمی انداز میں ایک کروڑ روپے لوٹ لئے — حیدرآباد میں سنسنی خیز واردات
متاٹرہ افراد عظیم الدین اور خسرو کی تصویر
حیدرآباد – حیدرآباد شہر کے کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن حدود میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فلمی انداز میں گھات لگا کر دو افراد پر حملہ کیا اور اُن کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال کر تقریباً ایک کروڑ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، عظیم الدین اور خسرو نامی دو افراد بہادر پورہ سے جیڈی میٹلہ کی جانب موٹر سائیکل پر جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ کوکٹ پلی اے سی پی دفتر کے قریب پہنچے، پہلے سے گھات لگائے بیٹھے حملہ آوروں نے انہیں روک لیا اور اچانک آنکھوں میں مرچ ڈال کر نقدی سے بھری تھیلیاں لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ لوٹی گئی رقم ہوالہ کی ہوسکتی ہے۔ واقعہ کے بعد متاثرین نے پولیس میں شکایت درج کروائی، جس پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واردات میں وہی افراد ملوث ہوسکتے ہیں جنہیں پہلے سے رقم کی منتقلی کی اطلاع تھی۔



