جنرل نیوز

حضور نبی اکرم ﷺ سے حالتِ ایمان میں ملاقات اور خاتمہ بالایمان صحابیت کے بنیادی شرائط ہیں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری  

حضور نبی اکرم ﷺ سے حالتِ ایمان میں ملاقات اور خاتمہ بالایمان صحابیت کے بنیادی شرائط ہیں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

 

حیدرآباد، 28 نومبر (پریس ریلیز): اسلامی تاریخ میں صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کو جو عظیم مقام و مرتبہ حاصل ہے، وہ امتِ مسلمہ کے لیے نہایت قابلِ احترام اور باعثِ افتخار ہے۔ صحابۂ کرام وہ مقدس نفوس ہیں جنہوں نے اپنی آنکھوں سے تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جمالِ جہاں آرا کا دیدار کیا، آپ کی صحبتِ بابرکت سے فیض حاصل کیا اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کردیں۔ صحابیت ایک ایسا عظیم شرف ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی ﷺ کے عہدِ مبارک میں ایمان کے ساتھ آپ کی زیارت اور ملاقات کرنے والوں کو عطا فرمایا۔

ان خیالات کا اظہار خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے صحابی کی شرعی و اصطلاحی تعریف بیان کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محدثین اور علمائے کرام نے صحابی کی تعریف مختلف الفاظ میں بیان کی ہے، تاہم حافظ ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ کی بیان کردہ تعریف اہلِ علم کے نزدیک جامع اور معروف ہے۔ آپ لکھتے ہیں:

وَهُوَ مَنْ لَقِيَ النَّبِيَّ ﷺ مُؤْمِنًا بِهِ، وَمَاتَ عَلَى الْإِسْلَامِ

یعنی صحابی وہ شخص ہے جس نے حضور نبی اکرم ﷺ سے حالتِ ایمان میں ملاقات کی ہو اور اس کا خاتمہ اسلام پر ہوا ہو۔

مولانا صابر پاشاہ قادری نے مزید کہا کہ امام احمد بن حنبل رضی اللہ عنہ سے بھی صحابی کی تعریف میں منقول ہے کہ جس شخص نے ایک سال، ایک مہینہ، ایک دن یا ایک گھڑی بھی رسول اللہ ﷺ کی صحبت اختیار کی یا حالتِ ایمان میں آپ کا دیدار کیا، وہ صحابۂ کرام میں شمار ہوگا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ صحابی ہونے کے لیے طویل عرصے تک صحبت میں رہنا ضروری نہیں، بلکہ بنیادی شرط حضور اکرم ﷺ سے زمانۂ حیات میں حالتِ ایمان کے ساتھ ملاقات اور اسلام پر خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی اصول کی روشنی میں حضرت غوثِ اعظم، محی الدین شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظمت و مقام کا اعتراف کرتے ہوئے یہ حقیقت بھی ملحوظ رکھنی چاہیے کہ آپ کی ولادت 470 یا 471 ہجری میں ہوئی، جب کہ رسول اللہ ﷺ کا وصالِ مبارک 11 ہجری میں ہوچکا تھا۔ لہٰذا آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ عظیم المرتبت ولی، جلیل القدر بزرگ اور اولیائے امت میں بلند مقام رکھنے کے باوجود اصطلاحی اعتبار سے صحابی نہیں ہیں، کیونکہ صحابیت کے لیے حضور اکرم ﷺ کی ظاہری حیاتِ مبارکہ میں ایمان کے ساتھ ملاقات ضروری ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے وصالِ ظاہری کے بعد کسی شخص کو خواب یا بیداری کی حالت میں حضور اکرم ﷺ کی زیارت نصیب ہو تو اس زیارت کو صحابیت کا سبب قرار نہیں دیا جاسکتا، کیونکہ صحابیت کا تعلق آپ ﷺ کی ظاہری حیاتِ مبارکہ میں ملاقات سے ہے۔ خواب یا بیداری میں زیارت کا مسئلہ اپنی جگہ ایک الگ دینی و روحانی موضوع ہے، لیکن اس سے صحابی ہونے کا شرعی حکم ثابت نہیں ہوتا۔

مولانا نے کہا کہ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا مقام و مرتبہ اپنی جگہ مسلم ہے، اسی طرح بعد کے ادوار میں آنے والے اولیائے کرام، ائمہ، محدثین اور علمائے امت کی دینی خدمات بھی نہایت قابلِ قدر ہیں۔ تاہم ہر بزرگ اور ولی کے مقام و مرتبے کو اس کے اپنے شرعی و علمی مقام کے مطابق بیان کرنا چاہیے۔ اصطلاحات اور دینی مراتب میں فرق ملحوظ رکھنا اہلِ علم کی ذمہ داری ہے۔حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نبی اکرم ﷺ کے سب سے قریبی ساتھی اور پہلے خلیفہ راشد تھے۔ آپ کی زندگی ایمان، تقویٰ، قربانی اور خدمت دین کا عملی نمونہ تھی۔ آپؓ پہلے صحابی تھے جنہوں نے سب سے پہلے آپ ﷺ کی نبوت کی تصدیق کی۔ آپ نے اپنی تمام دولت دین اسلام کے فروغ کے لیے وقف کر دی اور ہر مشکل گھڑی میں نبی اکرم ﷺ کے ساتھ کھڑے رہے۔ ہجرت کے موقع پر غارِ ثور میں آپ ﷺ کی حفاظت کے لیے اپنا جسم ڈھال بنایا، یہ واقعہ آپ کے بے مثال اخلاص اور قربانی کا ثبوت ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی زندگی کا ہر پہلو امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کی عدل و انصاف، شجاعت و حکمت اور دین کے لیے قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ خلافت کے دور میں آپ نے دین اسلام کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور مرتدین کے خلاف جہاد کر کے اسلامی ریاست کو متحد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی نبی اکرم ﷺ سے محبت بے مثال تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی سخاوت اور دین کے لیے ایثار سب کے لیے ایک سبق ہے۔ آپ نے غزوہ تبوک کے موقع پر اپنا پورا مال اللہ کی راہ میں پیش کر دیا اور جب نبی اکرم ﷺ نے پوچھا کہ اپنے گھر والوں کے لیے کیا چھوڑا ہے، تو آپ نے جواب دیا کہ "اللہ اور اس کا رسول”۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی صفات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ آپ کی عاجزی، اخلاص، عدل اور دین کے لیے غیر متزلزل عزم ہمیں درپیش مسائل کا حل فراہم کر سکتا ہے۔ ہمیں آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی زندگی کو دین اسلام کی خدمت کے لیے وقف کرنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی زندگی قرآن و سنت کی عملی تعبیر ہے اور آپ کا کردار قیامت تک مسلمانوں کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جب خلافت کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو انہوں نے ریاست مدینہ میں عدل و انصاف کو رائج کیا اور ہر شخص کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے اقدامات کئے۔ بیت المال کا نظام مضبوط کیا اور اس دولت کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیا۔

خ

آخر میں انہوں نے کہا کہ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی عظمت، اولیائے کرام کی روحانی خدمات اور علمائے امت کی دینی جدوجہد کو سمجھنے کے لیے مستند کتبِ حدیث، علمِ رجال اور علمائے محققین کی تصریحات کا مطالعہ ضروری ہے، تاکہ دینی مسائل میں صحیح فہم، اعتدال اور علمی بصیرت کو فروغ حاصل ہو۔

متعلقہ خبریں

Back to top button