اردو کے تحفظ و بقا کے لئے حیدرآباد میں تاریخی پیش رفت؛ یکم دسمبر کو گول میز کانفرنس
اردو کے تحفظ و بقا کے لیے حیدرآباد میں تاریخی پیش رفت؛ یکم دسمبر کو گول میز کانفرنس اردو میڈیم اسکولوں کی بحالی، تعلیمی معیار کی سربلندی اور اردو داں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ترجیحات میں شامل: سید شہنواز
حیدرآباد، 26 نومبر:( پریس نوٹ ) تنظیم تحفظِ اردو کے زیرِ اہتمام اردو زبان کے تحفظ، بقا اور فروغ کےعلاوہ درپیش تعلیمی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم گول میز کانفرنس یکم دسمبر 2026ء، بروز منگل، شام 7 بجے، میڈیا پلس آڈیٹوریم، حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔اس سلسلے میں تنظیم تحفظِ اردو کے صدر و سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ جناب سید شہنواز نے اپنے صحافتی بیان میں کانفرنس کی حتمی تاریخ اور مقام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کی بقا اور اس کے عملی فروغ کے لیے محض اجلاسوں اور قراردادوں تک محدود رہنا کافی نہیں، بلکہ وقت کا تقاضا ہے کہ اردو کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس، سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں۔پروگرام کوآرڈینیٹر جناب عبدالرحمن فہیم، صدرنشین صوفی سنت ونگ، آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ نے بتایا کہ اس کانفرنس میں تعلیمی اداروں میں اردو زبان کے لزوم، اردو کے تعلیمی و انتظامی مسائل، اردو داں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور زبان کے فروغ سے متعلق دیگر اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ کانفرنس کا مقصد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ اہلِ علم، ماہرینِ تعلیم، دانشوروں اور سماجی نمائندوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرکے قابلِ عمل تجاویز اور مستقبل کا لائحۂ عمل مرتب کرنا ہے۔جناب سید شہنواز نے مزید کہا کہ اردو میڈیم اسکولوں کی زبوں حالی دور کرنے اور ان کے تعلیمی معیار کو دوبارہ بلند کرنے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس ضمن میں تمام اردو میڈیم اسکولوں کا دورہ کرکے وہاں درپیش تعلیمی مسائل، طلبہ کی ضروریات اور اساتذہ کو پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا جائے گا۔ مزید برآں، محکمۂ تعلیم کے اشتراک سے ایک خصوصی مشاورتی و تعلیمی پروگرام منعقد کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی، تاکہ اردو میڈیم نظامِ تعلیم کے گرتے ہوئے معیار کو بہتر بناکر اسے اس کے شاندار علمی و تعلیمی مقام پر دوبارہ فائز کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحفظِ اردو کا ایک بنیادی مقصد نئی نسل میں اردو زبان و ادب سے محبت، دلچسپی اور شوق پیدا کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تعمیری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ نوجوان نسل کو اردو زبان و ادب کی تہذیبی، علمی اور ادبی عظمت سے روشناس کراتے ہوئے ایک باصلاحیت، باوقار اور معیاری اردو داں نسل کی تشکیل کی جاسکے۔جناب سید شہنواز نے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام طلباء و امیدوار جنہوں نے ایم اے، پی ایچ ڈی یا دیگر اعلیٰ تعلیمی قابلیت حاصل کی ہے اور اردو زبان و ادب سے متعلق شعبوں میں روزگار کے مواقع کے متلاشی ہیں، وہ پروگرام کنوینر ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ، ماہرِ تعلیم و سماجی جہدکار، اسسٹنٹ پروفیسر ویمنس یونیورسٹی سے اس نمبر پررابطہ کریں8639804816کانفرنس میں دانشورانِ ملت، علمی و ادبی شخصیات، سماجی جہدکاروں، ماہرینِ تعلیم، اساتذہ، طلباء، ریسرچ اسکالرس اور صحافیوں کی کثیرتعداد کی شرکت متوقع ہے۔منتظمین نے اردو زبان سے محبت رکھنے والے تمام اہلِ علم، تعلیمی و ادبی حلقوں اور اردو دوستوں سے اس اہم کانفرنس میں شرکت کی اپیل کی ہے، تاکہ اردو کے تحفظ و فروغ کی جدوجہد کو ایک منظم، مشترکہ اور نتیجہ خیز تحریک میں تبدیل کیا جاسکے۔



