جرائم و حادثات

تنہائی سے تنگ سافٹ ویر ملازمہ کی حیدرآباد میں خودکشی۔ جائیداد دولت یتیم بچوں کو دینے کی وصیعت

حیدرآباد: تنہائی اور ذہنی دباؤ برداشت نہ کر پانے کی وجہ سے ایک سافٹ ویئر ملازمہ نے خودکشی کر لی۔ میاں پور کے سب انسپکٹر نرسمہا ریڈی کے مطابق جگتیال ضلع کے گووندپلی سے تعلق رکھنے والے وینکٹ ریڈی اور پدما کی بیٹی سندھوجا عرف تشاریکا (36) اور ایک بیٹا ہیں۔

 

سندھوجا ہائی ٹیک سٹی کی ‘نیکسٹ ٹرن’ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں اور میاں پور کے گوکل پلاٹس میں واقع ‘پرجے میگاپولس’ اپارٹمنٹ میں اکیلی رہ رہی تھیں۔ سندھوجا کی شادی 2015 میں ہوئی تھی تاہم ڈیڑھ سال بعد شوہر سے طلاق لینے کے بعد وہ تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔

 

اسی دوران جمعرات کی صبح سندھوجا کے ساتھ کام کرنے والے ان کے دوست راجی ریڈی نے انہیں فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا جس پر راجی ریڈی ان کے فلیٹ پر گئے تو دیکھا کہ وہ چھت کے پنکھے کے راڈ سے پھانسی لگائے لٹکی ہوئی ہیں۔

 

پولیس نے مقام واقعہ سے ایک خودکشی کا نوٹ (سوسائڈ نوٹ) برآمد کیا ہے جس میں خاتون نے لکھا کہ وہ پچھلے چار ماہ سے تنہائی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور ان حالات سے باہر نہیں نکل پا رہی ہیں۔انہوں نے نوٹ میں مزید لکھا کہ انہیں بچوں سے بہت پیار ہے اور ان کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم یتیم بچوں تک پہنچائی جائے۔

 

انہوں نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ عدالت میں زیرِ التوا جائیداد سے متعلق مقدمات کو جاری رکھا جائے اور ان کی تمام جائیداد ‘کیئر ٹرسٹ’ (Care Trust) کے حوالے کی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button