تلنگانہ

حلقہ بندی کی تائید میں بی آر ایس کے ارکان راجیہ سبھا ووٹ دیں گے: کے ٹی آر

حیدرآباد، 28 نومبر (اردو لیکس) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے کہا ہے کہ حلقہ بندی کے معاملے میں ان کی پارٹی کا موقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں جنوبی ہندوستان کی موجودہ 24 فیصد نمائندگی میں کوئی کمی نہ آئے اور تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی نہ ہو تو بی آر ایس حلقہ بندی کی حمایت کرے گی۔

 

کے ٹی آر کے مطابق مرکزی حکومت کی مجوزہ تجویز میں 2051 تک ریاستوں کے درمیان پارلیمانی نمائندگی کے تناسب کو برقرار رکھتے ہوئے لوک سبھا نشستوں میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی بات کہی گئی ہے، جس سے ان کے خدشات دور ہوسکتے ہیں۔ اس تجویز پر عمل سے تلنگانہ میں لوک سبھا کی نشستیں موجودہ 17 سے بڑھ کر 26 ہوجائیں گی۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ کے مفادات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے بی آر ایس کے تینوں راجیہ سبھا ارکان اس تجویز کے حق میں ووٹ دیں گے۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی خواتین کے تحفظات کی بھی ہمیشہ حمایت کرتی آئی ہے اور خواتین ریزرویشن بل پر عمل آوری کے لیے پابند عہد ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button