مودی کابینہ میں سپریا سولے کی انٹری کی تیاری؟ حلقہ بندی بل کی تائید کے بدلے وزارت کا مطالبہ – سیاسی حلقوں میں ہلچل
File photo
حد بندی بل کی حمایت کے بدلے سپریا سولے کو مودی کابینہ میں وزارت دینے کی کوشش؟ شرد پوار کی پارٹی کے مطالبات پر سیاسی حلقوں میں ہلچل
نئی دہلی، 28 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کی رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کی ورکنگ صدر سپریا سولے کو وزیر اعظم نریندر مودی کی مرکزی کابینہ میں شامل کئے جانے کی خبریں سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شرد پوار کی قیادت والی این سی پی (ایس پی) نے مجوزہ حلقہ بندی بل کی حمایت کے تناظر میں مرکزی کابینہ میں سپریا سولے کے لیے وزارت کا عہدہ طلب کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پارٹی مرکز کے علاوہ مہاراشٹرا کی حکومت میں بھی وزارتوں میں حصہ داری کی خواہاں ہے۔ ریاست میں جینت پاٹل کو وزارتِ فینانس اور جتیندر آوہاڑ کو کابینہ میں شامل کرنے کے علاوہ دو مملکتی وزراء کے عہدوں کا مطالبہ کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔
یہ پیش رفت پارلیمنٹ کے 30 نومبر سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس سے قبل سامنے آئی ہے، جس میں حلقہ بندی اور خواتین کے تحفظات سے متعلق مجوزہ قانون پر غور متوقع ہے۔ این سی پی (ایس پی) کے پاس لوک سبھا کی 8 نشستیں ہیں، اس لیے بل کی منظوری کے سلسلے میں پارٹی کا موقف اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
دوسری جانب سپریا سولے نے واضح کیا ہے کہ بل کا مسودہ دیکھنے کے بعد ہی پارٹی اپنا حتمی موقف طے کرے گی۔ انہوں نے 28 نومبر کو منعقدہ انڈیا اتحاد کی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت بھی نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ والد شرد پوار کی علالت کے باعث وہ ممبئی میں موجود ہیں اور 30 نومبر کو دہلی پہنچ کر پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔
تاہم مرکزی کابینہ میں سپریا سولے کی شمولیت یا این سی پی (ایس پی) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے بارے میں حکومت یا پارٹی کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ اطلاعات ذرائع اور میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔



