“مکہ گیٹ” اسلامی شناخت کا عکاس ایک عظیم تعمیراتی شاہکار۔ تعمیری تفصیلات

کے این واصف
جدہ سے مکہ مکرمہ جانے والی ہائی وے پر شہرِ مقدس کی حدود سے چند کلومیٹر پہل “مکہ گیٹ” ایک منفرد تعمیراتی شاہکار ہے۔ مکہ کی طرف جانے والے سارے زائرین اسی گیٹ کے نیچے سے گزرکر جاتے ہیں۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے اس کی تعمیری تفصیلات جاری کی کئیں ہیں۔
سعودی پریس ائجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مکہ مکرمہ شاہراہ پر مکہ گیٹ کا انفراسٹرکچر ایک رحل پر کھلے ہوئے رکھے قرآن پاک کی شکل میں تیار کیا گیا ہے جو فن تعمیر کی خوبصورتی اور اسلامی شناخت کے گہرے مفہوم کا امتزاج ہے۔
اسے “باب المصحف” یعنی قرآن کریم والا دروازہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ گیٹ اپنے منفرد طرزِ تعمیر کے باعث نمایاں مقام کا حامل ہے۔ اس کا ڈیزائن ایک بڑے تعمیراتی محراب پر مشتمل ہے جو شاہراہ کے اوپر قائم کیا گیا ہے۔
اس کے بنیادی ڈھانچے کے تین اہم حصے ہیں۔ دونوں جانب دو مضبوط بنیادیں اور ان سے نکلنے والے دو بازو شامل ہیں۔ یہ بازو شاہراہ سے تقریباً 23 میٹر کی بلندی پر آپس میں مل کر رحل بناتے ہیں جو اس شاہکار کا سب سے نمایاں حصہ ہے۔اس کی لمبائی 16.5 میٹر جبکہ چوڑائی 26 میٹر ہے۔ مجموعی ڈھانچہ شاہراہ سے 23 میٹر کی بلندی سے شروع ہو کر 31 میٹر تک ہے۔
اس تاریخی تعمیراتی ماڈل کا ڈیزائن سعودی فنکارعزیز ضیاء نے تیار کیا تھا۔ انہوں نے قرآن کریم کی رحل کو سامنے رکھتے ہوئے ماڈل کی ڈرائنگ تیار کی۔ بعد ازاں اسے مجسم ماڈل میں ڈھالا گیا۔



