تلنگانہ

مسلم ڈیلیوری بوائے سے کھانا مت بھجوائیے۔ حیدرآباد میں سوئیگی کے آرڈرکے ساتھ گاہک کا پیغام، عوام کا شدید رد عمل

حیدرآباد: کورونا بحران کے دوران ملک کےبعض شہروں میں مسلم ڈیلیوری بوائز کی جانب سے کھانا پہنچانے والے نوجوانوں پراعتراض کے بعد اب تازہ طورپراس طرح کا تعصبانہ واقعہ شہرحیدرآباد میں پیش آیا جس پربلا لحاظ مذہب و ملت لوگ برہمی کا اظہارکررہے ہیں۔ تین دن پہلے سوئیگی سے ایک گاہک نےکھانا آرڈرکیا آرڈر کے ساتھ گاہک نے واضح طورپرلکھا کہ ڈیلیوری کرنے والا مسلمان نہیں ہونا چاہئے۔

ڈیلیوری ورکرس کی اسوسی ایشن نے سوئگی آرڈر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر زور دیا کہ وہ اس کے خلاف موقف اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام افراد کو کھانا پہنچاتے ہیں چاہے وہ ہندو ہو، مسلم ہو، سکھ ہو یا عیسائی ہوں۔ مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا، ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیب ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘ جئے تلنگانہ، جئے ہند کا بھی استعمال کیا۔ سوئگی کی جانب سے ابھی تک اس معاملہ میں کوئی رد عمل ظاہرنہیں کیا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پراس کے وائرل ہونے کے بعد لوگ اس طرح کے تعصبانہ رویہ پرشدید برہمی کا اظہارکررہے ہیں۔

حیدرآباد میں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ واضح رہے کہ سال 2019 میں زومیٹو نے اپنے گاہک کا آرڈر اس لئے منسوخ کردیا تھا کیونکہ گاہک نے اپنے آرڈر کے ساتھ لکھا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری بوائے مسلم نہیں ہونا چاہیے۔ کمپنی نے ڈلیوری بوائے کو تبدیل کرنے کی صارف کی درخواست کے جواب میں ٹوئٹ کیا تھا کھانے کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button