ٹی یو ڈبلیو جے ایف کی جانب سے اردو صحافیوں کو ایوارڈ – سینر جرنلسٹ سید بلال احمد نوید بھی شامل – محمد اظہر الدین ؛ محمد علی شبیر اور دیگر کا خطاب
صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی حکومت کا مقصد- اردو سے ناانصافی پر متعلقہ عہدیداروں سے رجوع ہونے کا مشورہ
ٹی یو ڈبلیو جے ایف کی جانب سے اردو صحافیوں کو ایوارڈ -جناب محمد اظہر الدین جناب محمد علی شبیر اور جناب ایم ماجد کا خطاب -صحافیوں کی کثیر تعداد شریک

حیدراباد یکم اگست وزیر اقلیتی بہبود ریاست تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین نے کہا کہ پیشہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس پیشے سے وابستہ صحافی حضرات سماج کے معزز اور قابل احترام شخصیات ہوتی ہیں صحافیوں کی میں ہمیشہ ہی بہت عزت اور احترام کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا جس طرح کرکٹ کے میدان میں میں نے نمایاں مظاہرہ کیا ہے
اسی طرح عوامی خدمت بھی بہتر انداز میں انجام دینے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن( ٹی یو ڈبلیو جے ایف) کے دسویں سالانہ ایوارڈ فنکشن سے میڈیا اکیڈمی آڈیٹوریم واقعع نام پلی حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا جناب محمد اظہر الدین اور جناب محمد علی شبیر کے ہاتھوں جناب سید بلال احمد نوید روزنامہ اعتماد کے علاوہ حافظ ایم قیوم میدک’ جناب امتیاز خان سنگا ریڈی’ جناب افضل خان نظام آباد ‘جناب اعجاز احمد خان نرمل’ جناب عبدالاحد صدیقی محبوب نگر، محترمہ عائشہ بتول حیدرآباد کو توصیف نامہ اور مومنٹو پیش کرتے ہوئے شال پوشی کی گئی اور 10 ہزار روپے پر مشتمل چیک بھی دیا گیا
علاوہ ازیں جناب عزیز احمد جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ اعتماد، جناب عمر دراز خان ایڈیٹر رہنمائے دکن، ڈاکٹر فاضل حسین پرویز چیف ایڈیٹر ہفت روزہ گواہ ،جناب امر دیولا پلی اور جناب مسکین احمد کو تہنیت پیش کی گئی اور ان اصحاب کی خدمات کا اعتراف کیا گیا سینیئر جرنلسٹ جناب عثمان رشید نے جناب محمد اظہر الدین اور جناب محمد علی شبیر کی گل پوشی کی جناب محمد اظہر الدین نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی تعمیری تنقید ہوتی ہے
انہیں بہت خوشی ہوتی ہے جب تک تعمیری تنقید نہ ہو ہم بہتر انداز میں خدمات انجام نہیں دے سکتے انہوں نے ٹی یو ڈبلیو جے ایف کے صدر نشین جناب ایم اے ماجد اور جنرل سیکرٹری جناب سید غوث محی الدین کی صحافیوں کے لیے ہر وقت نمائندگیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا
اور فیڈریشن کہ تمام ذمہ داروں کو عظیم الشان پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ایوارڈ یافتہ صحافیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اردو زبان سے متعلق جو سرکاری کمیاں پائی جاتی ہیں وہ وزیراعلی سے نمائندگی کرتے ہوئے پوری کی جائیں گی انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ جہاں جہاں سرکاری دفاتر واقع ہیں
وہاں پر اردو میں بھی سائن بورڈ کو یقینی بنایا جائے گا ابتدا میں صدر فیڈریشن جناب ایم اے ماجد نے جناب محمد اظہر الدین وزیر اقلیتی بہبود ،جناب محمد علی شبیر مشیر حکومت تلنگانہ اور فہیم قریشی صدر نشین ٹمریز کا خیر مقدم کیا اور فیڈریشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کا مقصد یہ ہے کہ اردو صحافیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور صحافیوں کی دلی آواز کو حکومت تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ کس بھی حکومت کو گھمنڈ سے باز رہنا چاہیے
اس سلسلے میں انہوں نے دہلی میں کاکروچ پارٹی کے ہوئے حالیہ احتجاج کا بھی تذکرہ کیا انہوں نے کہا کہ ہم قلم کے مزدوروں کے لیے بے لوث جدوجہد کرتے ہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صحافیوں کے لیے ہماری چھوٹی سی خدمت ہے انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا بنیادی مقصد ایک یہ بھی ہے کہ اردو والوں کوآپس میں جوڑے رکھنا ہے انہوں نے بتایا کہ اردو بولنے والوں کے ساتھ شمال میں تعصب برتا جا رہا ہے انہوں نے اردو کے صحافیوں کو ایوارڈ دیے جانے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے انتخاب کے سلسلے میں باضابطہ ایک کمیٹی بنائی جاتی ہے جو شفاف انداز میں صحافیوں کا ایوارڈ کے لیے انتخاب کرتی ہے
انہوں نے پریس اکیڈمی کے ذمہ داروں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ پریس اکیڈمی نے عابد علی خاں مرحوم بانی ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور سینیئر صحافی جناب نسیم عارفی مرحوم کے نام سے مونوگرافی شائع کی جلسے کی کاروائی محترمہ ساجدہ بیگم عرف ثنا نے عمدگی کے ساتھ چلائی جنرل سیکرٹری جناب سید غو ث محی الدین کے علاوہ فیڈریشن کے ذمہ داران جناب ایم کے فیصل ،جناب شیخ سلیم فرہاد ،جناب محمد عبدالمحسن، جناب سید واجد حسینی، جناب لئیق الدین اور دوسروں نے انتظامات میں حصہ لیا جناب محمد امجد علی نے قرات سنائی جناب شیخ رفیع الدین آصف نے حمد و نعت سنائی
حکومت تلنگانہ کے مشیر و سینیئر کانگریسی قائد جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ انہیں صرف 31 سال کی عمر میں وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے انہوں نے کہا کہ آزادی سے پہلے حیدرآباد دکن کی بین الاقوامی شہرت یافتہ عثمانیہ یونیورسٹی سے کانگریس قائد و سابق وزیراعلی چنا ریڈی اور دیگر معززین نے اردو سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اردو کے ساتھ بعض نا انصافیاں ہوتی ہیں لیکن اس کے لیے اردو والوں کو چاہیے کہ وہ متعلقہ حکام سے تحریری نمائندگی کریں انہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ وہ پیشہ وار انداز میں اپنی خدمات انجام دیں اور سماج کے ہر عزت دار شخص کی عزت کریں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مسجد نبوی میں ہر شخص کا دلی طور پر استقبال فرمایا کرتے تھے
انہوں نے ایس آئی آر کی مدت میں توسیع کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وزیراعلی ریونت ریڈی نے راشن کارڈ گیرندوں کو مستقل رہائشی صداقت نامہ جاری کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے عوام کو ایک بہت بڑی سہولت فراہم کی ہے انہوں نے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے وقت بعض لوگ دلہن کا اصل نام تبدیل کرتے ہوئے نکاح نامے میں اپنی پسند کا نام لکھوا دیتے ہیں جبکہ دلہن کے تمام سرٹیفکیٹس اور آدھار کارڈ پر اس کا اصل نام موجود ہوتا ہے عین نکاح کے وقت دلہن کا نام تبدیل کر دینے کے عمل کے باعث بعد میں کافی پریشانیاں اٹھانی پڑتی ہیں انہوں نے مشورہ دیا کہ لڑکی کا جو نام سرٹیفیکیٹ اور آدھار کارڈ میں ہوتا ہے
نکاح نامے میں بھی وہی نام لکھوائیں انہوں نے اردو کے بہی خواہوں سے خواہش کی کہ وہ جہاں کہیں بھی اردو سے نا انصافی ہوتی ہے صرف اخبارات میں بیان بازی کرنے کے بجائے عملی طور پر متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ کریں اور اگر عہدیدار عوام کی دی ہوئی درخواستوں پر عمل نہیں کرتے ہیں تو پھر حکومت ان کا مواخذہ بھی کرتی ہے
فیڈریشن کے نائب صدر جناب جیلانی نے اردو زبان اور اردو صحافت کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اردو کسی مخصوص فرقے یا طبقے کی زبان نہیں ہے غیر مسلم حضرات نے بہترین انداز میں اردو زبان کی بیاری کی ہے جسے ہم فراموش نہیں کر سکتے جناب امر دیولا پلی نے کہا کہ وہ اردو زبان سے بے حد محبت اور شغف رکھتے ہیں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد بہترین اردو داں رہے وہ غالب کی غزلیں پڑھا کرتے تھے
انہوں نے ایوارڈ یافتگان کو اپنی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی جناب سید مسکین احمد نے کہا کہ اردو زبان سے مکمل انصاف نہیں ہو رہا ہے انہوں نے حکومت بالخصوص جناب محمد علی شبیر اور جناب محمد اظہرالدین سے کہا کہ تمام سرکاری بسوں پر مقامات کے نام اردو میں بھی تحریر کرنے کے لیے متعلقہ عہد یداروں کو اور کلکٹرس کو توجہ دلائی جائے اس موقع پر ممتاز صحافی و معززین میں جناب شجیع اللہ شجاعت ، جناب کے این واصف ،جناب پروفیسر مصطفی علی سروری ،شہاب الدین ہاشمی، جناب شوکت علی خان یوسف زئی، جناب محمد طاہر رومانی، جناب باسط محی الدین قادری ابو العلا ئی ،سید منصور علی ، روزنامہ اعتماد کا اسٹاف جناب محمد مطہر الدین، جناب اسد علی ،جناب سید غلام ربانی، جناب افتخار علی واجد، کے علاوہ جناب محمد حسام الدین ریاض،جناب سجاد الحسنین، جناب وحید گلشن، جناب جناب فہیم الدین، جناب رفیق نوری، جناب محمد فاروق، جناب سید ظہور الدین ،محمد عبدالوسیم ،انیس فاطمہ ،اسماء بیگم،سلمہ جہاں، آفرین شمیم اور فرحین سلطانہ کے علاوہ شہر کے اردو اخبارات کے صحافیوں کے الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں علاوہ اضلاع کے صحافیوں کی بڑی تعداد شریک رہی جناب عبدالمقتدر شرفی نے دعا کی





