تلنگانہ

تلنگانہ میں مقیم پاکستانیوں کو "ہندوستان چھوڑو نوٹس”

تلنگانہ میں مقیم پاکستانیوں کو "ہندوستان           چھوڑو نوٹس”

حیدرآباد۔تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ڈاکٹر جتیندر نے کہا ہے کہ ریاست میں اس وقت تقریباً 230 پاکستانی شہری مقیم ہیں جن میں سے 199 افراد لانگ ٹرم ویزا (ایل ٹی وی) پر ہیں۔ ان میں سے کئی افراد کے پاس سفارتی (ڈپلومیٹک) یا سرکاری (آفیشل) پاسپورٹس موجود ہیں اور انہیں مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق استثنیٰ حاصل ہے۔

 

ڈی جی پی نے ایک خانگی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ لانگ ٹرم ویزا رکھنے والے افراد پر ملک چھوڑنے کی حالیہ ہدایت کا اطلاق نہیں ہوتا جبکہ 32 پاکستانی شہری جو شارٹ ٹرم ویزا پر یہاں مقیم ہیں، انہیں ”لیو انڈیا نوٹس“ جاری کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو 27 اپریل تک ہندوستان کی سرحد پر پہنچ جانا ہوگا، اور ان کی سہولت کے لیے اٹاری سرحد 30 اپریل تک کھلی رہے گی۔ 27 اپریل کے بعد ایسے افراد کے ویزے معطل کر دیے جائیں گے۔ تاہم، میڈیکل ویزا پر موجود افراد کو 29 اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے۔

 

ڈی جی پی نے واضح کیا کہ اگر کوئی شہری ان احکامات کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف فارنرز ایکٹ اور امیگریشن ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔  ڈاکٹر جتیندر کے مطابق زیادہ تر پاکستانی شہری حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں مقیم ہیں، جبکہ چند افراد ضلع نظام آباد میں بھی رہائش پذیر ہیں۔

 

واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے ریاستوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ ملک بھر میں مقیم پاکستانی شہریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے ویزا اسٹیٹس کی جانچ کی جائے۔ اس کے بعد تلنگانہ پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے تمام متعلقہ پاکستانی شہریوں کو نوٹسیں جاری کرنا شروع کر دی ہیں۔

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button