کار کنویں میں گر پڑی ؛ ایک ہی خاندان کے 4, افراد ہلاک – تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع میں دلخراش واقعہ
تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع کے دوباک منڈل کے اپن پلی علاقہ میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے
۔ تیز رفتاری کے باعث بے قابو کار سڑک کے کنارے واقع ایک کنویں میں جاگری، جس کے نتیجہ میں کار میں سوار چاروں افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔مہلوکین کی شناخت بَلوَنتاپور گاؤں کے رہنے والے 30سالہ راجو ، ان کی اہلیہ 25سالہ بھاگیہ ، چار سالہ بیٹے نہارش اور دو سالہ بیٹی شانویکا کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی دوباک سی آئی اور ایس آئی پولیس ٹیم کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس نے کرین کی مدد سے کنویں میں ڈوبی کار اور نعشوں کو باہر نکالا۔ بعد ازاں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا
۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ایک ہی خاندان کے چار افراد کی المناک موت سے بَلوَنتاپور گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔




