زمین نہ دینے پر بیٹے نے ماں باپ کو ٹریکٹر سے کچل کر ہلاک کردیا

آندھراپردیش میں پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں ایک ظالم بیٹے نے اپنے ماں باپ کو ٹریکٹر سے کچل کر ہلاک کردیا ۔
وجئے نگرم ضلع کے ندو پوری کللا گاؤں میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں زرعی زمین کے لیے بیٹے نے اپنے والدین کو ٹریکٹر سے کچل کر قتل کر دیا۔ 55 سالہ اپل نائیڈو اور ان کی اہلیہ 45 سالہ جیا کے ایک بیٹا راج شیکھر اور ایک بیٹی رادھاکماری ہیں۔
رادھاکماری کی شادی کے وقت اپل نائیڈو نے اپنی ایک ایکڑ زمین یعنی 40 گنٹے میں سے 8 گنٹے زمین بیٹی کو دے دی تھی۔ پانچ سال قبل رادھاکماری کے شوہر کا انتقال ہو گیا جس کے بعد وہ والدین کے ساتھ رہنے لگی۔ اپل نائیڈو نے خاندان کے قرضے چکانے کے لیے مزید 5 گنٹے زمین فروخت کر دی تھی لیکن بیٹا راج شیکھر والدین پر دباؤ ڈال رہا تھا کہ بچی ہوئی 27 گنٹے زمین یا تو اسے دے دی جائے یا بیچ کر رقم اسے دی جائے۔
والدین نے بیٹے کے سخت رویے سے تنگ آ کر 27 گنٹے میں سے 12 گنٹے زمین اپنی بیٹی رادھاکماری کے نام رجسٹر کرا دی جس پر راج شیکھر نے والدین کے خلاف شدید برہم ہوگیا ۔ اتوار کو راج شیکھر زمین کے ایک حصے کو بیچنے کی نیت سے ٹریکٹر سے ہموار کرنے گیا، والدین نے جب اسے روکا تو اس نے غصے میں آ کر ٹریکٹر ان پر چڑھا دیا۔
والدین جان بچانے کے لیے قریب میں ایک مکئی کے کھیت میں بھاگے لیکن راج شیکھر نے ان کا پیچھا کیا اور ٹریکٹر سے کچل کر ہلاک کر دیا۔ دونوں والدین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعہ کے بعد راج شیکھر اپنی بیوی کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچا اور خودسپردگی اختیار کر لی۔