تلنگانہ

دبئی حادثہ متاثرین کے لئے 2.60 کروڑ روپے کی امداد – رکن اسمبلی میڈی پلی ستیہ کا برجیل ہولڈنگز سے اظہارِ تشکر

دبئی میں برجیل ہولڈنگز کے نمائندوں سے رکن اسمبلی میڈی پلی ستیہ کی ملاقات

سڑک حادثہ متاثرین کے لیے 2.60 کروڑ روپے کی امداد پر ڈاکٹر شمشیر ویالیل سے اظہارِ تشکر، حیدرآباد آنے کی دعوت

 

دبئی: چپہ ڈنڈی کے رکن اسمبلی میڈی پلی ستیہ نے دبئی میں برجیل ہولڈنگز کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے معروف صنعت کار اور برجیل ہولڈنگز کے چیئرمین ڈاکٹر شمشیر ویالیل کی جانب سے حالیہ سڑک حادثہ متاثرین کے لیے اعلان کردہ 10 لاکھ درہم (تقریباً 2.60 کروڑ روپے) کی امداد پر اظہارِ تشکر کیا۔

 

ڈاکٹر شمشیر ویالیل کی عدم دستیابی کے باعث رکن اسمبلی نے کمپنی کے نمائندوں اے وجئے کمار، احمد بن سلیمان، ایم اُنی کرشنن اور ڈاکٹر پنکج کمار بھٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تلنگانہ حکومت کی این آر آئی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن کوٹالہ ستیہ گوڑ، صلاح الدین  گلف تلنگانہ کلچرل ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ؛  دبئی میں  مقیم سماجی کارکنان اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

 

میڈی پلی ستیہ نے ڈاکٹر شمشیر ویالیل اور برجیل ہولڈنگز کے نمائندوں کو حیدرآباد آنے کی دعوت دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کی موجودگی میں متاثرہ خاندانوں کو امدادی چیکس حوالے کئے جائیں۔

 

واضح رہے کہ دبئی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 7 مزدور جاں بحق اور 9 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ امدادی پیکیج کے تحت ہر متوفی کے اہل خانہ کو ایک لاکھ درہم (تقریباً 26 لاکھ روپے) فراہم کئے جائیں گے۔ جاں بحق افراد میں تین کا تعلق ضلع جگتیال سے ہے۔ زخمیوں کے علاج، بازآبادکاری اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے بھی خصوصی امداد فراہم کی جائے گی۔

 

اس سے قبل رکن اسمبلی نے دبئی میں ہندوستانی قونصل خانے کا دورہ کرکے حکام سے ملاقات کی اور میتوں کی وطن منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے راشد اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button