تلنگانہ

تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے عمل کا آغاز _ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ملی یہ اہم ہدایات

حیدرآباد _ 2 جون ( اردولیکس) مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے تلنگانہ سمیت 5 ریاستوں کے انتخابی عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سال کے آخر میں ریاست تلنگانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ اس سلسلہ میں مرکزی الیکشن کمیشن نے جمعہ  کو پانچ ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

 

اس خصوص میں مرکزی الیکشن کمیشن نے آج تلنگانہ کے چیف سکریٹری شانتی کماری کو  انتخابات سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ جس کے تحت الیکشن کمیشن نے ریاست میں موجودہ عہدوں پر تین سال کی سروس مکمل کرنے والے سرکاری عہدیداروں کے تبادلوں کی ہدایت دی ہے۔

 

مرکزی الیکشن کمیشن نے تین سال ایک  ہی مقام پر کام کرنے والے اہم عہدوں  پر فائز ریونیو اور پولیس افسران کے تبادلوں کا حکم  دیا۔ مزید یہ کہ 31 جولائی سے پہلے ایسے عہدیداروں کے تبادلوں کا عمل مکمل کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے  حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فوجداری مقدمات کا سامنا کرنے والے ملازمین کو انتخابی فرائض سے دور رکھا جائے۔ انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز کو ان کے آبائی ضلع میں تعینات نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

الیکشن کمیشن نے انتخابی ڈیوٹی میں حصہ لینے والے عہدیداروں سے اس بات کا حلف نامہ لینے کی ہدایات جاری کی ہیں کہ ان کا مقامی طور پر مقابلہ کرنے والے امیدواروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button