تلنگانہ

ہریش راو ریاست میں بارش نہ ہونے اور قحط پڑنے کے لئے کالا جادو کروایا – تلنگانہ کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ کا الزام

حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش گوڑ نے بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کالے جادو اور خفیہ رسومات انجام دے رہے ہیں، جس کے ثبوت موجود ہیں۔

 

گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش گوڑ نے کہا کہ ہریش راؤ 2 مارچ کو تروچی اور یکم جون کو شیواموگا گئے تھے، اس لیے انہیں ان تاریخوں میں اپنی موجودگی کی وضاحت کرنی چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ تروپتی کے دورے کے بعد میڈیا سے بات کرنے والے ہریش راؤ اغوری مندر جانے کی بات کیوں چھپا رہے ہیں۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ ہریش راؤ بارش  نہ ہونے اور قحط پڑنے کی نیت سے رسومات انجام دے رہے ہیں اور یہ سب اپنے سیاسی مفاد کے لیے کیا جا رہا ہے۔ مہیش گوڑ نے کہا کہ ہم اپنی اور عوام کی بھلائی کے لیے بھگوان سے دعا کرتے ہیں، جبکہ ہریش راؤ عوام کی تباہی کی نیت سے پوجا کر رہے ہیں۔

 

پی سی سی صدر نے کہا کہ سچ سامنے لانے پر اڈنکی اور ساما رام موہن کو قانونی نوٹس بھیجے گئے، تاہم کانگریس ایسے نوٹس سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہریش راؤ یادادری گٹہ کے دورے اور وہاں انجام دی گئی رسومات کے بارے میں بھی عوام کو حقیقت بتائیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی منتروں اور تنتر کے ذریعے لوگوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں اور بعض ریاستوں میں ایسی رسومات پر آج بھی یقین کیا جاتا ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button