تلنگانہ ویمن سیفٹی ونگ این آر آئی سیل۔ بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی جوڑوں کے اختلافات کو دور کرنے میں اہم رول
حیدرآباد کے الوال علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی 2011 میں شادی ہوئی تھی۔ یہ جوڑا سات سال تک آسٹریلیا میں مقیم رہا اور وہاں ان کی ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ تاہم، شوہر کے کسی دوسری عورت کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے۔ متاثرہ خاتون آسٹریلیا سے واپس لوٹ کر الوال پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرایا اور تلنگانہ ویمن سیفٹی ونگ کے این آر آئی سیل سے رابطہ کیا۔ اس عمل کے دوران، پولیس نے شوہر کے خلاف لوک آؤٹ سرکلر جاری کیا اور اسے بھارت واپس بلوایا۔ ماہرین کی مدد سے دونوں کے درمیان کاؤنسلنگ کی گئی اور اختلافات دور ہونے کے بعد وہ دونوں ساتھ رہنے لگے۔ شوہر نے آسٹریلیا کی ملازمت چھوڑ کر حیدرآباد منتقل ہو کر اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
اسی طرح ایک اور معاملہ جگتیال ضلع کے کورٹلہ کا ہے۔ 2019 میں وہاں کی ایک خاتون کی شادی دبئی میں کام کرنے والے شخص سے ہوئی تھی۔ بچے کی پیدائش کے بعد، شوہر دبئی واپس چلا گیا، جس کے بعد سسرال والوں نے 2 لاکھ روپے اضافی جہیز کا مطالبہ شروع کر دیا۔ جون 2022 میں متاثرہ خاتون نے کورٹلہ پولیس اسٹیشن میں گھریلو تشدد کا کیس درج کروایا اور این آر آئی سیل سے رابطہ کیا۔ این آر آئی سیل نے شوہر کے خلاف لوک آؤٹ سرکلر جاری کیا اور اسے دبئی میں اس کی کمپنی تک پہنچا دیا گیا۔ بعد میں، شوہر کو بھارت لا کر کاؤنسلنگ کرائی گئی، جس کے بعد وہ اپنی بیوی کو واپس لے گیا۔
این آر آئی سیل ایسے بیرون ملک مقیم دامادوں کو واپس لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو اپنی بیویوں کو بھارت میں چھوڑ کر باہر مقیم ہوتے ہیں۔ این آر آئی سیل ان خواتین کو انصاف دلانے کے لئے بھی سرگرم ہے جن کے سسرال والے انہیں بھارت میں گھریلو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ سیل بھارت میں ان خواتین کے لئے قانونی مدد فراہم کرتی ہے اور ان کیسز کی تحقیقات میں مقامی پولیس کا تعاون کرتی ہے۔
تلنگانہ ویمن سیفٹی ونگ کے این آر آئی سیل کے قیام کے بعد سے، 463 کیسز درج کیے گئے ہیں، جن میں سے 153 کیسز حل کیے جا چکے ہیں۔
– 224 بیرون ملک مقیم دامادوں کے خلاف لوک آؤٹ سرکلرز جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 70 نوٹسز فعال ہیں۔
– 139 غیر ضمانتی وارنٹس جاری کیے گئے۔
– 19 کیسز میں ملزمان کے پاسپورٹ منسوخ کر دیے گئے۔
– 94 کیسز میں ملزمان کے پاسپورٹ کی تفصیلات حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کے ڈیٹا میں درج کرائی گئی۔
– 62 کیسز میں بیرون ملک مقیم ملزمان کو واپس لانے کے لئے بھارتی سفارت خانوں سے رابطہ کرنے کے لئے خطوط بھیجے گئے ہیں۔
شکایات کے لئے رابطہ:
تلنگانہ ویمن سیفٹی ونگ کے این آر آئی سیل میں براہ راست شکایات کے علاوہ ای میل، واٹس ایپ اور رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعے بھی شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔ تفصیلات جاننے کے لئے ویمن سیفٹی ونگ کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
– انسٹاگرام: @ts_womensafety
– واٹس ایپ نمبر 8712656858
-040- فون نمبر: 27852246
– ای میل: [email protected] & [email protected]