ہوٹل کا کھانا کھانے کے بعد سمیت غذا سے خاتون فوت، مقدمہ درج۔ تلنگانہ کے مستقر نرمل میں واقعہ۔ پولیس نے طلب کیا ہوٹل مالکین کا اجلاس
عادل آباد۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع نرمل میں ہوٹل کا کھانے کے بعد سمیت غذا سے ایک خاتون کی موت اور دیگر افراد کے متاثر ہونے کے بعد پولیس نے ہوٹل انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کر لیا ہے۔ یہ کاروائی اسکول انتظامیہ کی شکایت پر کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دو نومبر کی رات نرمل گرل نائن ہوٹل سے کھانا کھانے کے بعد بوتھ کے خانگی اسکول انتظامیہ کے
پانچ افراد خرابی صحت سے متاثر ہو گئے تھے، دوران علاج آج اسکول کی خاتون باورچی کی سمیت غذا سے موت ہو گئی۔ نرمل مستقر میں واقع گرل نائن کے انتظامیہ اور عملہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ بات عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے بتائی۔ عادل آباد ضلع ایس پی غوث عالم آئی پی ایس کی ہدایت پر عادل آباد شہر کی کئی ہوٹلس، ریسٹورنٹس کے مالکین کے ساتھ عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ضروری مشورے دیے گئے۔
اس موقع پر عادل آباد ڈی ایس پی نے کہا کہ استعمال کے معیاد کی تاریخ ختم ہونے والی اشیاء کے علاوہ خراب اشیاء کا استعمال نہ کیا جائے،استعمال کیے ہوئے تیل کو بار بار استعمال نہ کیا جائے اور ہر پکوان میں تیل تبدیل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے ممنوعہ فٹ کلرس کو بھی پکوان میں استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔علاوہ ازیں ہوٹلس ریسٹورنٹس میں صاف صفائی کے معیار کا پورا خیال رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی یہ بھی کہا گیا کہ کھانے کی اشیاء معیاری ہوں انتظامیہ ہر دن عملہ کو اور پکوان کرنے والوں کو صاف صفائی کے تعلق سے واقف کروائے اور معیاری اشیاء کے استعمال سے متعلق شعور بیداری لائی جائے۔
اس اجلاس میں عادل آباد ون ٹاؤن کے سرکل انسپکٹر سنیل، ٹو ٹاؤن کے سرکل انسپکٹر کرونا کر سب انسپکٹر اشوک اور دیگر موجود تھے۔