نیشنل

راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو سنبھل جانے سے پولیس نے روک دیا

کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی  نے اتر پردیش کے سنبھل میں تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی کوشش کی، لیکن انہیں دہلی یوپی کے غازی پور بارڈر پر ہی پولیس نے روک دیا۔

 

اس واقعہ کے باعث کئی گھنٹوں تک شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی۔پولیس نے ہائی وے کو رکاوٹوں سے بلاک کر دیا اور کانگریس کے قافلے کو صبح 11 بجے کے قریب روکا۔ راہول گاندھی سمیت کانگریس کے دیگر قائدین گاڑیوں سے باہر نکلے اور پولیس افسران سے بات چیت کی،

 

لیکن انہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں ملی۔ اس دوران ٹریفک جام اور انتشار کی صورتحال پیدا ہوگئی، اور سینکڑوں کانگریس کارکن رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

 

رکاوٹوں کے بعد کانگریس کے جنرل سیکرٹری کے سی وینوگوپال نے ٹویٹ کیا کہ ہم ملک میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے مفاد میں متاثرہ خاندانوں سے ملنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یوپی حکومت کو ہمیں سمبھل جانے کی اجازت دینی چاہیے۔

 

سنبھل انتظامیہ نے قریبی اضلاع سے درخواست کی تھی کہ وہ کانگریس قائدین کو ضلع میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بلند شہر، امروہہ، غازی آباد اور گوتم بدھ نگر کے افسران کو خط لکھ کر گاندھی خاندان کو سرحد پر روکنے کی ہدایت دی تھی اور راہول گاندھی کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا کہا تھا۔

 

دہلی-سنبھل روٹ پر مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں اور گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی گئی۔ دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر بھی شدید ٹریفک جام کی خبریں موصول ہوئیں۔

 

کانگریس لیڈر  ان پابندیوں کے باوجود سنبھل کا دورہ کرنا چاہتے تھے، جہاں 10 دسمبر تک علاقے میں باہر کے لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ یہ پابندیاں علاقے میں حالیہ کشیدگی کے بعد لگائی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button