جائیداد کے لالچ میں دیورانی کا بہیمانہ قتل، دو سگے جیٹھوں سمیت چار افراد پر الزام
محبوب نگر – تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع کے کوئل کونڈہ منڈل کے چنتل تانڈہ میں جائیداد کے تنازعہ پر خاتون کے بہیمانہ قتل کی واردات پیش آئی۔ الزام ہے کہ مقتولہ سونیتا (28) کو اس کے دو جیٹھوں پانڈو نائک اور منیا نائک سمیت چار افراد نے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تقریباً 12 سال قبل سونیتا کی شادی بلرام سے ہوئی تھی اور اس جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں۔ بلرام کی ذہنی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باعث ایک سال قبل پنچایت کے ذریعے سونیتا کے نام ڈیڑھ ایکڑ اراضی کی پٹہ داری کروائی گئی تھی۔ تاہم بلرام کے بھائی پانڈو نائک اور منیا نائک اس سے ناخوش تھے اور کسی بھی طرح اس اراضی پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔
الزام ہے کہ دونوں بھائی میاں بیوی کو ساتھ رہنے نہیں دیتے تھے اور بلرام کو اکثر اپنے ساتھ حیدرآباد لے جاتے تھے۔ اس سے پریشان ہوکر سونیتا اپنے میکے چلی گئی تھی۔ والدین کی سمجھانے بجھانے کے بعد ایک ماہ قبل چنتل تانڈہ میں اس کے لیے مکان تعمیر کروایا گیا، جہاں وہ رہنے لگی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ بلرام کے بھائیوں نے سونیتا کے گھر پہنچ کر اراضی حوالے کرنے اور مکان چھوڑ کر چلے جانے کا مطالبہ کیا تھا، بصورت دیگر قتل کی دھمکی بھی دی تھی۔
الزام کے مطابق 2 نومبر کو دوپہر پانڈو نائک، منیا نائک، پانڈو کی بیوی پاروتی اور سسر مانکیا نائک نے سونیتا کے گلے میں دھوتی ڈال کر اسے اپنے گھر لے گئے اور چاقو سے گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کردیا۔ واردات کے وقت سونیتا کا شوہر بلرام حیدرآباد میں تھا۔
مقتولہ کے والد والیا نائک کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔



