پاکستان کے کئی چینلس پر ہندوستان میں لگی پابندی۔ سابق کرکٹر شعیب اخترکا یو ٹیوب چینل بھی شامل

نئی دہلی: پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے خلاف ایک اور سخت قدم اٹھاتے ہوئے حکومت ہند نے ملک میں سابق کرکٹر شعیب اختر سمیت کئی پاکستانی یوٹیوب چینلس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ کئی پاکستانی
نیوز چینلس کی آن لائن اسٹریمنگ پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جن میں ڈان نیوز، اے آر وائی نیوز، سما ٹی وی اور جیو نیوز شامل ہیں۔
یہ سخت کارروائی وزارت داخلہ کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے کی گئی ہے۔ وزارت نے اپنی سفارش میں کہا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستانی یوٹیوب چینلس بھارت، اس کی فوج اور سلامتی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ
حساس نوعیت کا مواد، جھوٹے اور گمراہ کن بیانات اور غلط معلومات پھیلا رہے تھے۔حکومت ہند نے جن یوٹیوب چینلس پر پابندی لگائی ہے ان میں ارشاد بھٹی، اسماء شیرازی، عمر چیمہ اور منیب فاروق
جیسے صحافیوں کے چینلز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ "دی پاکستان ریفرنس”، "سما اسپورٹس”، "عزیر کرکٹ” اور "رضا نامہ” جیسے چینلس پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ سابق پاکستانی کرکٹر شعیب اختر کے یوٹیوب چینل پر بھی
پابندی عائد کر دی گئی ہے۔