نیشنل
اسدالدین اویسی کو نااہل قرار دیا جائے۔ صدر جمہوریہ سے شکایت

حیدرآباد۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے خلاف صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے شکایت کی گئی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی ریاست فلسطین سے وفاداری کا اظہار کرنے پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
ایڈوکٹ ونت جندل نے سوشل میڈیا پوسٹ میں دعوی کیا ہے کہ انہوں نے آئین ہند کے ارٹیکل 103 کے تحت صدر کے سامنے شکایت درج کروائی ہے جس میں فلسطین کے تئیں وفاداری دکھانے کے لیے اویسی کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ایڈوکیٹ ہری شنکرجین نے بھی صدر جمہوریہ سے اسد الدین کے خلاف شکایت کی اور صدر مجلس کو نا اہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسد الدین اویسی کی جانب سے رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لینے کے دوران جئے فلسطین کا نعرہ لگانے پر این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ نے اعتراض کیا تھا۔